• news

شیخوپورہ میں کیمیکل سے تیار کردہ مضر صحت دودھ کی فروخت جاری

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)شہریوں کے مطالبات اور عوامی سماجی تنظیموں کے احتجاج کے باوجود ضلع بھر کے مختلف مقامات پر فروخت ہونے والے کیمیکل سے تیار کردہ مضر صحت دودھ کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور فوڈ اتھارٹی و انتظامیہ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ مختلف اداروں کے حکام کسی طرح کی کاروائی سے قاصر ہیں جس کے باعث مضر صحت دودھ کی بڑے پیمانے پر فروخت کے حوالے سے شہریوں میں پائی جانیوالی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ روز عوامی سماجی حلقوں کی جانب سے پریس کلب شیخوپورہ کے باہر احتجاج کیا اور موقف اختیار کیا کہ متعلقہ اداروں کی حکام کی عدم توجہی اور لاپرواہی کے باعث جعلی کیمیکل زدہ مضر صحت دودھ کی فروخت بڑھ رہی ہے اور مختلف مخصوص مقامات پر فروخت ہونے والا یہ جعلی دودھ اب محلوں کی سطح پر بیچا جارہا ہے جسے بعض دودھ فروش عام دودھ میں ڈال کر بھی فروخت کررہے ہیں جس سے جعلی دودھ کا تعین کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے محکمہ فوڈ سمیت دیگر متعلقہ ادارے فوری کاروائیوں کا آغاز کریں اور ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کریں تاکہ آئندہ کسی کو اس طرح انسانی جانوں سے کھیلنے کی جرات نہ ہوسکے۔

ای پیپر-دی نیشن