ڈی پی اوقصور کی کھلی کچہری ،شہریوں کے مسائل پر احکامات جاری
قصور(نمائندہ نوائے وقت)ڈی پی اوقصور ڈاکٹر محمد شہزاد آصف نے تھانہ صدر قصور کے علاقہ بہادرپورہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ،لوگوں کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے اس موقع پر اے ایس پی صدر سرکل زبیر نذیر بھی انکے ہمراہ تھے۔ کھلی کچہری کے دوران ڈی پی اوقصور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوامی مسائل کا حل اورعوام کو انصاف مہیا کرنا ہے اور یہ کام خدمت سے ممکن ہے صرف عوامی خدمت کے ذریعے خدااور اُس کی مخلوق کو راضی کیا جاسکتا ہے میں آپ کو انصاف دلوانے کے لیے آپ کی دہلیز پر حاضر ہوں ،اُنہوں نے کہا کہ ہم عوامی خادم ہیں ہمارا کام عوام کو انصاف مہیا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ مظلوموں اور شریف شہریوں کو تنگ کرنے والے غنڈا عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ،کھلی کچہری کے دوران ڈی پی اوقصورنے ایک بوڑھی بیوہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اسکی زمین کو ہتھیانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او صدرقصور محمد ادریس چدھڑ اور انچارج چوکی نور پور نہر محمد شریف کو فوری ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا اور ساتھ ہی اپنا پرسنل موبائل نمبربوڑھی بیوہ خاتون کو دیاکہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں فوری رابطہ کریں جس پر بوڑھی بیوہ خاتون نے ڈی پی اوقصور کو دعائیں بھی دیں۔دریں اثناء ڈی پی اوقصور کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی سٹی سرکل محمد ضیاء الحق نے بھی تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ بلدیہ ٹائون میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا لوگوں کے شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔