نیب کا وزیراعلی خیبرپی کے محمود خان‘ وزیر عاطف سینیٹر محسن عزیز کو نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبر پی کے میں مالم جبہ اراضی کیس میں وزیراعلیٰ محمود خان ‘ صوبائی وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز کو نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ نوٹسز آئندہ چند روز میں مذکورہ شخصیات کو جاری کردیئے جائیں گے۔ نیب ذرائع کے مطابق مالم جبہ میں 272کنال اراضی لیز پر دینے کے کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان اور صوبائی وزیر عاطف خان کو اس لئے نوٹسز جاری کئے جائیں گے کہ وہ اس کیس میں نیب کی معاونت کریں گے اور نیب ان سے مالم جبہ میں سیر گاہ کےلئے دی گئی اراضی کے معاملے پر ہونے والی پیش رفت سے سوال کرے گا جبکہ سینیٹر محسن عزیز کو اراضی الاٹ کرنے والی کمیٹی کا رکن ہونے کی وجہ سے نوٹس جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے اس کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک سمیت ان کی کابینہ کے دیگر افراد کو بھی نیب نے شامل تفتیش کررکھا ہے۔
مالم جبہ اراضی کیس