• news

حکومت مدت پوری کریگی، زرداری اپنی پیش گوئی پاس رکھیں: فیاض چوہان

اسلام آباد (آن لائن) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اپنی پیش گوئی اپنے پاس رکھیں، حکومت بھی اپنی مدت پوری کرے گی، آصف زرداری اور فریال تالپور نے اربوں روپے کی کرپشن کی، چور چاہے جتنا شور مچائیں، احتساب سب کا ہوگا، بلا تفریق اور بلا امتیاز ہوگا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی تقریر پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے بیٹے کو بھی یوٹرن دیا اور اسے بھٹو بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے مسلم لیگ نون سے بات نہیں کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن پھر یوٹرن لے کر مسلم لیگ نون سے مذاکرات کرنے لگے۔ صوبہ جنوبی پنجاب کے لیے ہم بالکل سنجیدہ ہیں تاہم ہمارے پاس قومی اسمبلی اور سینٹ میں اکثریت نہیں ہے جس کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ میں مسلسل تیسری حکومت ہے لیکن یہ تھر کا مسئلہ تو حل کر نہیں کر سکے۔ آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ کے خلاف نیب میں اربوں روپے کی کرپشن کے مقدمات چل رہے ہیں۔
فیاض چوہان

ای پیپر-دی نیشن