سٹاک مارکیٹ میں زبردست مندا‘ 2 کھرب 41 ارب سے زائد ڈوب گئے‘ اسد عمر نے استعفی نہیں دیا
لاہور، کراچی (خصوصی رپورٹر+ کامرس رپورٹر +آن لائن ) پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدربڑھنے اورشرح سود میں ڈیڑھ فیصداضافے کے باعث کاروباری ہفتے کے پہلے روزپیرکو پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروبار حصص زبردست مندے کا شکار رہا اورکے ایس ای100انڈیکس13بالائی نفسیاتی حدوںسے گرگیا۔مندی کے نتیجے میںسرمایہ کاروں کے2کھرب41ارب62 کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے جبکہ کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت39.29فیصدکم اور85.98فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میںپیرکوکاروبارکا آغاز ملے جلے رجحان سے ہواتاہم پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدربڑھنے اورشرح سود میں ڈیڑھ فیصداضافے کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 39011پوائنٹس کی نچلی سطح پر ریکارڈ کیاگیا۔سرمایہ کاروں میں شدید مایوسی پھیل گئی جبکہ چھوٹے سرمایہ کار دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئے، اسی اثناءغیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں تھوڑی بہت ریکوری آئی اور کے ایس ای100انڈیکس کی 39100کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھاﺅ کا سلسلہ سارا دن جاری رہامارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس1335.43پوائنٹس کمی سے 39160.60پوائنٹس پر بندہوا۔سرمایہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قدربڑھنے اورشرح سود میں اضافے کے باعث مارکیٹ پر انتہائی برا اثر پڑ ا ۔ لاہورسے کامرس رپورٹرکے مطابق اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 139 روپے کا بھی فروخت ہوا تاہم ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق کاروباری اوقات کے اختتام پر ڈالر کی قیمت138 روپے 50 پیسے ہو گئی جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپے 21 پیسے کم ہو گئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی ڈالر کی قدرمیں کمی دیکھی گئی سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپے 21 پیسے کی کمی سے 137 روپے 84 پیسے رہ گئی ۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفےٰ کی افواہوں پر ترجمان وزیر اعظم آفس نے تردید کر دی۔ ترجمان کا کہنا ہے وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفی کی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ذرائع کے مطابق ڈالر قابو میں نہ آنے اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث وزیر خزانہ سخت تنقید کی زد میں ہیں۔ معاشی ماہرین اور اپوزیشن کے علاوہ حکومت کے اندرونی حلقے بھی وزیر خزانہ کی کاکردگی سے مطمئن نہیں۔ اس صورتحال میں پیر کی صبح سے ہی یہ خبر گردش کرنے لگی وزیر خزانہ اسد عمر مستعفی ہو ر ہے ہیں۔ بالا آخر وزیراعظم آفس کو ان افواہوں کے خاتمے کے لیے باضابطہ بیان جاری کرنا پڑا ۔ترجمان کے مطابق وزیر خزانہ کو وزیراعظم کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور معاشی مشکلات کے باوجود وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ ترجمان وزارت خزانہ کا بھی کہنا ہے وزیر خزانہ اسد عمر نے استعفیٰ دیا ہے کہ نہ ہی دینے کا فیصلہ کیا ہے پی ٹی آئی کے پارٹی اجلاس میں جہانگیر ترین اور اسد عمر کے درمیان تلخ کلامی کی خبریں سامنے آنے کے بعد ترجمان وزارت خزانہ نے وضاحتی بیان میں کہا صحت مند بحث پارٹی کلچر کا حصہ ہے وزیر خزانہ کے استعفے کی افواہ بعض عناصر نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے اڑا دیئے ہیں ۔آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے جہانگیر ترین کے ساتھ جھگڑے اور استعفے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا اور کہاکہ ان کا جہانگیر ترین کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہوا، میڈیا کو غیرمصدقہ خبریں نشر نہیں کرنی چاہئیں۔
ڈالر/ سٹاک مارکیٹ