• news

ڈالر مہنگا ہو گیا‘ شیخ رشید : ریلوے کرایوں میں اضافے کا اعلان

اسلام آباد (نیٹ نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے کے کرائے بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کے کرایوں میں اضافہ کریں گے کیونکہ ڈالر مہنگا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے چالیس ٹرینوں کے کرایوں میں تھوڑا اضافہ بھی ہو گا، ایم ایل ون کے ساتھ ایم ایل ٹو اور تھری پر بھی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا سٹیشنوں پر معذوروں کی سہولت کے لیے کام کر رہے ہیں، 23 تاریخ کو رحمان بابا ٹرین کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان سے آج بھی ریلوے کی اراضی پر بات ہوئی ہے، ہم بھی نہیں چاہتے غریب افراد کے گھروں کو گرایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا ریلوے کی زمین پر قابض بڑے بڑے قبضہ گروپوں کو ضرور ہٹایا جائے گا، لوگ 70سال سے قبضہ کرتے رہے، میری باری آتے ہی قبضہ چھڑانے کی باری آ گئی۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم سے کہا ہے تمام ریلوے ملازمین کو ایک گریڈ ترقی دے دیں، 24گھنٹے 7ڈیویژنل ہیڈکوارٹرز ٹکٹ کے لیے کھلے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کرتار پور راہدرای کھولنا وزیر اعظم، آرمی چیف کا زبردست آئینی فیصلہ ہے۔ کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ بھارت کے گلے پڑ گیا، یہ فیصلہ سو دنوں میں وزارت خارجہ کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا جو ملازم بنا ٹکٹ کسی کو بھی سفر کراتے ہوئے پکڑا گیا وہ 24 گھنٹے میں نوکری سے فارغ ہوگا، ابھی کوئی کنٹریکٹ ملازم مستقل نہیں کیا جا رہا، کنٹریکٹ ملازمین پکی ملازمت کے لیے دوبارہ اپلائی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے وزیر اعظم عمران خان کے پاس ٹرمپ کا خط دیکھا ہے۔صباح نیوز کے مطابق ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے جنوبی کوریا کے وفد کو پاکستان ریلوے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں کوریا کے وفد کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وفد سے کہا وہ محکمے کی مین لائن ون، ٹو اور تھری کے منصوبوں کو بہتر بنانے پر غور کریں۔

شیخ رشید

ای پیپر-دی نیشن