شجاعت اور پرویز الٰہی سے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، امریندر سنگھ کا پیغام پہنچایا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے 10 رکنی وفد نے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر روی ون کھدکر کی سربراہی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب کیپٹن (ر) امریندر سنگھ کا کرتار پور راہداری کھلنے پر انہیں خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ وفد نے پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھلنے سے سکھ برادری کو اپنے مقدس مقامات تک آسان رسائی ہوگی۔ دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات کو فروغ ملے گا۔ حکومت پاکستان سکھوں کے تمام مقدس مقامات کو اہمیت دیتی ہے یاتریوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ڈاکٹر انسانیت کے مسیحا ہیں اور رنگ نسل کے فرق کے بغیر لوگوں کی خدمت کرتے ہیں وفد کے سربراہ پروفیسر روی ون کھدرکر نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کا پنجاب میں ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس کا قیام ہسپتالوں میں فری ادویات و طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبہ میں دیگر انقلابی اقدامات ان کی عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے وفد میں انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے نائب صدر پروفیسر بخشی پروفیسر ورک پروفیسر فیصل غنی صدر نیپال سوسائٹی آف سرجنز پروفیسر بخشی ورما پروفیسر عبدالمجید چودھری ڈاکٹر سبینہ اور ڈاکٹر مینا شامل تھے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کا وفد ایک میڈیکل سمپوزیم میں شرکت کیلئے 3 روزہ دورہ پر لاہور آیا ہے۔
سپیکر ملاقات