• news

طالبان کو مذاکرات پر آمادہ کریں‘ ٹرمپ کا وزیراعظم کو خط افغان مسئلہ حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں : پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمرن خان کو خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے افغان جنگ کے مذاکرات کے ذریعہ خاتمہ کیلئے پاکستان کی مدد مانگ لی ہے۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ پاکستان طالبان کو مذاکرات پر آمادہ کرے۔ ان کی سب سے اہم ترجیح یہ ہے کہ افغان جنگ کو بات چیت کے ذریعے ختم کیا جائے۔ اس ضمن میں ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی مدد اور سہولت کاری مانگ لی ہے۔ اس خط میں انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ امریکہ اور پاکستان دونوں کو ہی اس جنگ کی قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کو اپنی شراکت کی تجدید کرتے ہوئے مل کر کام کرنے کے مزید مواقع اور امکانات تلاش کرنے چاہئیں۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے کیونکہ پاکستان نے افغان مسئلہ کے ہمیشہ پرامن حل کی حمایت کی ہے۔ پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ خےر سگالی کے جذبہ سے سہولت کار کا کردار ادا کرے گا۔ افغانستان میں پائیدار امن کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان افغان مسئلہ کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے خطہ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کردار ادا کرے ماضی میں امریکہ کے ساتھ معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا گیا ہم نے برابری کی سطح پر بات کی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ پاکستان کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔
ٹرمپ

ای پیپر-دی نیشن