مقبوضہ کشمیر: ہفتہ انسانی حقوق کا آغاز ، حریت قیادت نظر بند ، مظاہرے ، شدید جھڑپیں ، متعدد زخمی
سرینگر+اسلام آباد(اے این این + این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ انسانی حقوق کے آغاز پر ہی حریت قیادت نظر بند،احتجاجی مظاہرے اور جھڑپیں ،متعدد زخمی ،میر واعظ عمر فاروق گھر میں نظر بند،پہلے سے نظر بند سید علی گیلانی کے رہائش گاہ کے باہر فورسز کی مزید نفری تعینات،یاسین ملک سمیت کئی پابند سلاسل،بے گناہ شہادتوں کیخلاف ہڑتال،کاروباری مراکز،تعلیمی ادارے بند،انٹر نیٹ اور موبائل سروس معطل ،شوپیاں میں علاقے کا محاصرہ،گولیوں کا تبادلہ ،مبینہ جنگجو محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ،نئی دہلی میں زیر تعلیم کشمیری طالب علم گھر سے گرفتار،جنگجوؤں کے ساتھ تعلق کا الزام عائد ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مزاحمتی خیمے کی اپیل پر ’’ہفتہ انسانی حقوق‘‘ کا آغاز کیا گیا ۔اس دوران علی الصبح ہی پہلے سے نظر بندی کی زندگی گزارنے والے حریت کانفرنس(گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کے گھر پر فورسز کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا اور کسی کو گھر کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔سید علی گیلانی کے ساتھ ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد کی گئی۔دوسری جانب حریت کانفرنس(ع) کے چیئر مین میر واعظ عمر فاروق کو اپنی رہائش گاہ میں خانہ نظر بند کرلیا گیا۔ میر واعظ کو کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف ایک احتجاج میں حصہ لینا تھا۔ ''ہفتہ انسانی حقوق'' کے سلسلے میں پہلے ہی پروگرام مشتہر کر رکھا تھا۔قائدین نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر شام موم بتیاں اور مشعل روشن کرکے انسانی حقوق کی پاما لیوں کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کریں۔اس دوران بھارتی فورسز نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند اور تھانوں میں قید کر دیا۔یاسین ملک کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اشرف صحرائی اور عادل رشید بٹ کو بھی نظر بند کر لیا گیا ہے۔ وادی کے مختلف علاقوں میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے اس دوران بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے گئے۔شہری ہلاکتوں اور نوجوانوں کی شہادتوں کیخلا ف عوام سراپا احتجاج ہیں ۔اس دوران وادی میں ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز اور تجارتی ادارے بند رہے ۔انٹر نیٹ اور موبائل سروس معطل رہی ۔دریں اثناء جنوبی ضلع شوپیان میں سوموارکو جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔یہ واقعہ شوپیان کے سانگرن، امام صاحب نامی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب فورسز گائوں کا محاصرہ کرنے کے بعد رات کے تین بجے تلاشیاں لے رہے تھے۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ گولیوں کے ابتدائی تبادلے کے دوران جنگجو فورسزمحاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے گولیوں کے تبادلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فورسزآپریشن جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد شروع کیا گیا جو ابھی جاری تھا۔ حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔دلی کی یونیورسٹی سے پر اسرار طور لاپتہ ہوئے شہر سرینگر کے خانیار علاقے سے تعلق رکھنے والے حال ہی میں شامل ہوئے احتشام بلال کو پولیس نے گھر سے ڈارمائی انداز میں گرفتار کیا ہے ۔اس دوران پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان کو والدین ،دوست اور پولیس کی مددسے مین اسٹریم میں واپس لانے میں کامیاب ملی ہے ۔گزشتہ ماہ دلی کی ایک یونیورسٹی سے پر اسرار طور لاپتہ ہوئے احتشام بلال کو ایک ماہ تک جنگجو کے ساتھ سرگرم رہنے کے بعد اتوار کی شام کو خانیار پولیس نے اپنے گھر سے ڈرامائی انداز میں گرفتار لر لیا ہے اس حوالے سے ان کے والد نے بتایا کہ خانیار پولیس نے احتشام کو گھر سے گرفتار کیا ہے۔دریں اثنامقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے غیور نوجوان اپنے لہوسے تحریکِ حقِ خودارادیت کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ضلع پلوامہ کے علاقے بنڈنہ میںشہید عدنان احمد لون کی یاد میں منعقد تعزیتی مجلس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے مقدس لہو کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گااوران کے چھوڑے ہوئے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا یا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سے بڑا المیہ ہے کہ بھارت اپنے نشۂ قوت میں چور ہوکر زمینی حقائق کو تسلیم کرنے سے بڑی ڈھٹائی کے ساتھ انکار کررہا ہے اور ہماری حقِ خودارادیت کی تحریک کو دبانے کے لیے ظلم و جبر اور بربریت پر انحصار کررہا ہے۔انہوں نے حریت پسند عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نظم وضبط کا مظاہرہ کرکے اپنی مقدس تحریک کے خلاف ہورہی گھناؤنی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور دشمن کی چالوں سے خبردار رہتے ہوئے تحریک آزادی کو انتشار کی نذر کرنے کے تمام مذموم ہتھکنڈوں کوناکام بنائیں۔ حریت چیئرمین نے شہیدنوجوان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہداء کے لیے بلندی درجات کی دُعا کی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے پیر کے روز ضلع شوپیان میں احتجاجی مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوسزنے لوگوں پر گولیاں چلائیں اورپیلٹ، پاوا شیل اور آنسو گیس کا استعمال کیا ۔ ضلع کے علاقے سنگرن امام صاحب میں لوگ بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی مشترکہ کارروائی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ بھارتی فوجیوں نے علاقے میں ایک مکان کو بھی تباہ کرنے کی کوشش کی۔ دریں اثناء قابض انتظامیہ نے ضلع کو جانے والی تمام سڑکیں بلاک کردیں اور علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل نے معذور افراد کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان بھارتی مظالم کے خلاف 18 ماہ کی حبہ اور مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان مظلوموں سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔