عمران آج اپوزیشن کو جیل بھیجیں گے تو آنے والا انہیں پہنچادے گا :زرداری
ٹنڈو الہ یار (ایجنسیاں) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو اگلا وزیراعظم جیل بھیجے گا، قبل ازوقت الیکشن پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، ہم نے پہلے کہہ دیا تھا کٹھ پتلیوں سے کام نہیں چلے گا، غیر سنجیدہ وزیراعظم سے ملک نہیں سنبھالا جارہا، ان کے پاس سیاسی سوچ نہیں ہے، حکومت کو کوئی خطرہ ہوا تو ہم نہیں وہی ان کی مدد کریں گے جو ان کو اقتدار میں لے کر آئے، ان کی بڑی کوشش ہے کہ وہ کسی طریقے سے سسٹم توڑ دیں۔ میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں سابق صدر نے عمران خان کو غیر سنجیدہ وزیراعظم کہتے ہوئے کہا کہ ان سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا۔ ان کے پاس سیاسی سوچ نہیں ہے جبکہ یہ لوگ اس معاملے میں نا سمجھ بھی ہیں۔سابق صدر نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ان کی بڑی کوشش ہے کہ وہ کسی طریقے سے سسٹم توڑ دیں۔ ہمارے دور حکومت میں ہی آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا گیا، تاہم کچھ لوگ کہتے ہیں 18 ویں ترمیم میں کچھ شقیں کمزور ہیں، یہ کمزور شقوں کا بہانہ بنا کر 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں۔ شقوں کا بہانہ بناکر دوبارہ ون یونٹ کی سیاست شروع کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ون یونٹ کے خلاف بھی جدوجہد کی تھی، ہماری اور ان کی سوچ میں فرق ہے۔ گورنر ہاؤس میں چاہے کچھ بھی بنادیا جائے لیکن اس کی حفاظت کے لیے بھی دیواروں کی ضرورت تو پڑے گی۔ حکومت کا فرض لوگوں کا چولہا جلانا ہے نہ کہ دکانیں گرا کر انہیں ٹینٹ میں بیٹھنے کا کہا جائے۔ پہلے حکومت کو کوئی متبادل انتظام کرنا چاہیے تھا، اگر میرے وزرا اور ہماری ٹیم صحیح نہ ہوتی تو سندھ میں سب سے زیادہ سیٹیں کیسے لیتے؟۔ جے آئی ٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو تفتیش کے لیے طلب نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی نے انہیں اور فریال تالپور کو سوالات و جوابات کے لیے طلب کیا تھا۔ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف بہت سازشیں ہوئیں۔ عمران خان انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں اور کہتے ہیں ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈالوں گا، ہم میں جیل جانے کی صبر و برداشت ہے لیکن کیا عمران خان خود جیل جانا برداشت کرسکتے ہیں، جیسی کرنی ویسی بھرنی، نواز شریف نے احتساب عدالتیں اور قانون میرے لیے بنائے تھے لیکن خود ان کے گلے پڑگئے اور آج وہ کٹہرے میں کھڑے ہیں، عمران خان آج اپوزیشن کو جیل بھیجیں گے لیکن آنے والا انہیں بھی جیل بھیجے گا۔ حکومت غیر سنجیدہ ہے، سیاسی اپروچ نہیں، پہلے بھی بی بی کو تنگ کرنے کیلئے مجھے قیدی بنایا گیا، یہ ہماری ہمت آزمائیں، ہم ان کا ظلم آزمائیں گے، ہم میں ہمت، صبر بھی ہے۔ افغانستان میں بھارت اور دوسری قوتیں دہشتگردی کرا رہی ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ مرغی خریدیں اور اس کے انڈے بیچ کر دیکھیں کتنی خوشحالی آتی ہے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا جے آئی ٹی نے شوگر ملوں کو سیل کررکھا ہے، نقصان ہوگا تو برداشت کرنا پڑے گا لیکن افسوس ہے کہ نقصان غریب کا ہورہا ہے۔ ہم تو خود دہشت گردی کا شکار ہیں مگر ہم پر دہشت گردی پھیلانے کا الزام لگایا جاتا ہے، بھارت افغانستان میں بیٹھ کر جو دہشت گردی پھیلا رہا ہے ٹرمپ اس پر کیا کہیں گے؟۔