کمزور کے ساتھ ، مافیاز کیخلاف ہیں، اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل کرکے پنجاب کو بدلیں گے : عثمان بزدار
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اسلام آباد میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے غیر رسمی ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے، ہم کمزور کے ساتھ اور مافیاز کے خلاف ہیں۔ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے اور اب تک 88 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی کو واگزار کرایا جا چکا ہے جس کی مالیت 150 ارب روپے سے 200 ارب روپے تک بنتی ہے۔ پنجاب میں ترقیاتی وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب کی جانب موڑ دیا گیا ہے جبکہ ماضی میں صرف چند شہروں پر توجہ دی گئی۔ ہم یکساں ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔ میڈیا کی تعمیری تنقید سے رہنمائی ملتی ہے۔ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے میڈیا کا کردار قابل تحسین ہے۔ اصلاحاتی ایجنڈا پر صدق دل سے عملدرآمد کرکے پنجاب کی حالت بدلیں گے۔ حکومت صوبے کی ہمہ جہت ترقی اور عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ منتخب نمائندے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے ان سے مکمل رابطے میں ہیں۔ سماجی شعبہ کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ پنجاب میں تبدیلی کے اثرات بہت جلد نمایاں نظر آئیں گے۔ شکایت سنٹر کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا۔ شکایت سنٹر کو میں خود مانیٹر کر رہا ہوں اور شکایت سینٹر قائم ہونے سے سرکاری محکموں کے کام کرنے کے کلچر میں بھی بہتری آئے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی۔ جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ قائم کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں رہنے والے لوگوں کو کام کیلئے لاہور نہ آنا پڑے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کو ریلیف ملے اور اس مقصد کیلئے ہر طرح کے اقدامات کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے افراد اور تنظیموں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے قدرتی آفات میں جانوں کی پروا کئے بغیر انسانیت کی مدد کیلئے آگے بڑھتے ہیںاور بغیر مالی منافع کی توقع کے سچے جذبے کے ساتھ کام کرتے ہیں جو نیک مقصد ہے۔