• news

سرحدوں سے باہر اور افغانستان میں بھی امن چاہتے ہیں : فوجی ترجمان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان میں سلامتی کی صورتحال بہت بہتر ہوچکی ہے اور اب ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے پاکستان میں متعین غیرملکی میڈیا کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ان صحافیوں کو ملک کے اندر سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جب کہ کنٹرول لائن کی صورتحال اور پاک افغان سرحد کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں سے باہر اور افغانستان میں بھی امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری یہاں متعین اپنے رپورٹروں کے ذریعہ پاکستان کے حالات کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہے، چنانچہ امید کی جاتی ہے کہ غیر ملکی صحافی، پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاسی کریں گے۔ اس امن و امان کی وجہ سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں کو بتایا کہ کامیاب کلیئرنس آپریشنز سے ملک کی سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن