سپریم کورٹ کا اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کا حکم، سماعت آج پھر ہوگی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ میں آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے تحریری جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگی جس پر عدالت نے وفاقی وزیر کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد تبادلہ از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی اور ان کے وکیل پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ تو آپ نے دیکھ لی ہوگی؟ جس پر اعظم سواتی کے وکیل نے جواب دیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کا جائزہ لے چکے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس کی سماعت آج پھر ہوگی۔