• news

اٹلی: پولیس نے سسلین مافیا کے گاڈ فادر کو گرفتار کر لیا

روم (نیوز ڈیسک) اٹلی کی پولیس نے سسلین مافیا کے سربراہ سیلواتورے توتورینا کی وفات کے بعد متوقع نئے سربراہ سیٹیمو مینیو سمیت 46کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ اطالوی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے سسلین مافیا کے ’’باس آف باسز‘‘ سیلواتورے رینا عرف توتو کے بعد مافیا کے مبینہ سربراہ کو گرفتار کرکے مافیا کی کمر توڑ دی ہے۔ اٹلی کے وزیر خارجہ میتیو سیلوینی نے کہا کہ سسلین کے مرکز پالیرمو میں ہونیوالی یہ کارروائی ’’غیرمعمولی آپریشن تھا‘‘ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کو وائر ٹیپس کے ذریعے معلومات حاصل ہوئی تھیں کہ 29 مئی کو مافیا کے سربراہ کے چناؤ کے حوالے سے ہونیوالے اجلاس میں سیتیمو مینیو کو مافیا کا سربراہ ’’کپولا‘‘ منتخب کیا گیا تھا۔ یہ کئی برسوں بعد پہلی مرتبہ سربراہ کے انتخاب کے لئے ایک اجلاس ہوا تو جو نومبر 2017ء میں رینا کی وفات کے کئی ماہ بعد طلب کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ پالیرومو وہی جگہ ہے جس کے حوالے سے مشہور ناول نگار ماریو پوزو نے 1969ء میں شہرہ آفاق ناول ’’دی گاڈ فادر‘‘ تخلیق کیا تھا۔ پالیرومو کے پراسیکیوٹر فراسیسکو لووری کا کہنا تھا کہ گرفتار مافیا سربراہ مینیو اس سے قبل بھی طویل عرصے تک جیل میں رہے تھے اور ان کے خلاف 1980ء اور 90ء کی دہائی میں سسلین مافیا کے خلاف جاری ٹرائل میں مافیا سے منسلک رہنے اور دیگر جرائم کی بنیاد پر سزا سنائی گئی تھی۔ مافیا کے مقامی رہنماؤں میں بزرگ ہونے کے باعث مینیو کو زیادہ احترام حاصل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن