• news

پرنٹ میڈیا کو اشتہارات کے واجبات جلد ادا کردیں گے : وزیر خزانہ

اسلام آباد (پ ر) وزیر خزانہ اسد عمر نے اے پی این ایس کے عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کو یقین دلایا ہے وزارت اطلاعات سے تصدیق کے بعد حکومتی اشتہارات کے بقایاجات جلد ادا کر دیئے جائیں گے۔ حکومت پرنٹ میڈیا کے ایشوز اور مسائل سے مکمل آگاہ ہے۔ مالیاتی بحران سے نکلنے کے لئے حکومت کی ذمہ داری ہے محدود مدت میں میڈیا کی مدد کی جائے۔ فواد چودھری کی طرف سے اے پی این ایس ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کے اعزاز میں ڈنر کی مزید تفصیل کے مطابق اس موقع پر چیئرمین پیمرا محمد سلیم، چیئرمین پی ٹی وی محمد ارشد خان، چیئرمین بی او آئی ہارون شریف، وفاقی سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل اور پی آئی او میاں جہانگیر علی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں معاشی مشاورتی ٹیم میں اس پر اتفاق رائے ہے۔ محدود مدت میں کرنسی اور معاشی اسحکام کے لئے آئی ایم ایفکا پیکج پاکستان کیلئے مناسب آپشن ہے۔ لمبی مدت کے لئے معاشی نشوونما کے حوالے سے پرامید ہیں۔ بہت سے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بعض اعلی گروتھ سیکٹرز میں سرمایہ کیلئے دلچسپی ظاہر کی حکومتی اقدامات سے برآمدات کے حوالے سے انڈسٹریز کیلئے نیا دور شروع ہو گا۔ اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون، نائب صدر مہتاب خان، جنرل سیکرٹری سرمد علی، مجیب الرحمن شامی، رمیزہ مجید نظامی، عمر مجیب شامی، شہاب زبیری، جمیل اطہر، ممتاز طاہر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر ارکان نے میڈیا انڈسٹری کودرپیش مسائل کے بارے میں وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ اسد عمر نے یقین دلایا وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے مطابق 5 فیصد کسٹم ڈیوٹی واپس لینے کے لئے نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔ ودہولڈنگ ٹیکس اور ٹیکس ریفنڈ کے ایشوز کے حوالے سے اے پی این ایس اور وزارت اطلاعات کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیارہیں تاکہ دوستانہ طریقے سے حل نکالا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن