لوکل اتھارٹی کی اجازت کے بغیر گورنر ہائوس کی دیواریں گراکر جنگلے کیسے لگائے جاسکتے ہیں: لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے گورنر ہائوس کی دیواروں کو اصل حالت میں بحال کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیا ۔ جسٹس مامون الرشید نے آمنہ ملک اور بشیر احمد خالد کی درخواستوں پر سماعت کی ۔درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم پر گورنر ہائوس لاہور کی دیواریں گرانے کا کام تو رک چکا ہے مگر عدالت سے استدعا ہے کہ گورنر ہائوس کی دیواروں کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم جاری کیا جائے اور ذمے داران کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت کاروائی کا بھی حکم دیا جائے ۔ دوران سماعت عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ گورنر ہائوس کی کنٹرولنگ اتھارٹی کون ہے۔جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ انہیں ابھی اس بارے میں علم نہیں ہے تاہم پتہ کرکے معزز عدالت کو بتادیا جائے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لوکل اتھارٹی کی اجازت کے بغیر کیسے دیوار گرا کر جنگلے لگائے جاسکتے ہیں۔ عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 13 دسمبر کے لیے ملتوی کر دی۔