• news

گورنر سٹیٹ بنک نے ڈالر کی قیمت پر میری تجاویز سے مختلف فیصلہ دیا: اسد عمر

اسلام آباد (سٹی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے درمیان رابطے کا میکنزم بنایا جارہا ہے، پی ٹی آئی کی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی نہ ملک میں کوئی معاشی بحران ہے، اس حوالے سے ہیجانی کیفیت پیدا کرنا درست نہیں، ایکسچینج ریٹ کا فیصلہ سٹیٹ بینک کا اختیار ہے اور بینک اس حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار برقرار رکھے گا۔ البتہ ضرورت پڑی تو سٹیٹ بینک کا طریقہ کار مضبوط کیا جائے گا، ملک اقتصادی بہتری کی طرف گامزن ہے ، کرتار پور بارڈر کو کھولنا بہت اچھا اقدام تھا، اس پر پاکستان بھارت سے مثبت جواب کی امید رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام گیارہویں جنوبی ایشیائی اقتصادی سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اور سیاسی تنازعات حتم کرنے کے لئے الگ سے سوچنا ہوگا۔ توقع ہے سارک کی سطح پر تعاون مستقبل میں جنوبی ایشیا کے خطہ کو مستحکم کرے گا، کانفرنس میں بھارت کا شرکت نہ کرنا افسوس ناک ہے، انہوں نے ملک کی معاشی صورتحال اور اس میں بہتری کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ملک میں جلد بھاری سرمایہ کاری آئے گی، برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ خسارے میں کمی آرہی ہے، صباح نیوز، آئی این پی کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا میں نے گورنر کو کچھ تجاویز دی تھیں۔ گورنر نے ڈالر کے حوالے سے جو فیصلہ کیا وہ میری تجاویز سے مختلف تھا۔ سٹیٹ بینک غیر جانبدار اور خود مختار رہے گا، سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے درمیان رابطے کا میکنزم بنایا جا رہا ہے، سٹیٹ بینک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔ ہفتہ میں کئی بار گورنر سٹیٹ بنک سے رابطہ رہتا ہے گورنر نے ڈالر کی قیمت کے حوالہ سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد نے ملاقات کی۔ کراچی چیمبر کے وفد نے گیس کے حوالے سے صنعت کی مشکلات بیان کیں اور کہا کہ صنعتوں کو 3 ماہ کی لوڈ مینجمنٹ کے لئے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے گیس کی تقسیم کے حوالے سے وفد کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ٹیکس کے عمل کو سادہ بنانے اور کاروباری طبقہ کو سہولت دینے میں پرعزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن