• news

شوگر ملز کو سبسڈی کے واجبات فوری ادا کرنے ، چینی کے برآمدی کوٹے میں ایک لاکھ ٹن اضافے کی منظوری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اقتصادی رابطہ کمٹی نے کرشنگ سیزن جلد شروع کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شوگر ملز کو سبسڈی کے زیر التواء واجبات فوری ادا کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 10 لاکھ روپے ٹن چینی کی برآمد کی منظوری کے بعد ایک بار پھر مزید ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی نے کرشنگ سیزن جلد سے جلد شروع کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں صوبائی حکومتوں سے مدد لی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے برآمدات کیلئے ری فنڈ کی بروقت براہ راست ادائیگی کیلئے سمری کی منظوری مؤخر کر دی۔ جبکہ برآمد کنندگان کو ری فنڈ کی ادائیگی کے معاملے پر طریقہ کار کا وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی نے ہدایت کی کہ ایف بی آر، وزارت تجارت، خزانہ اور سٹیٹ بنک کے حکام مل کر طریقہ کار وضع کریں۔ شوگر ملز کو برآمد کی جانے والی چینی کے اخراجات متعلقہ صوبائی حکومتیں ادا کریں گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ای سی سی نے ظافر گیس فیلڈ سے سوئی سدرن کو 30 ایم ایم سی ایف گیس مہیا کرنے کی بھی منظوری دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے ایک ارب 80 کروڑ روپے سبسڈی جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ ملک میں کھاد کی کمی کا جائزہ لیا گیا۔ ای سی سی کے اجلاس میں کھاد فیکٹری میں آر ایل این جی کے استعمال کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اور ماڑی ڈیپ گیس سے 66 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ایم پی سی ایل کو دینے کی منظوری دیدی گئی۔ کرشنگ سیزن نے 15 نومبر سے شروع کرنے سے متعلق شرط ختم کر دی گئی، کرشنگ کیلئے صوبائی حکومتوں سے مدد لی جائے گی۔ فریٹ سپورٹ کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے دو ارب روپے منظور کر لئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن