• news

ایسانظام بنانا چاہتے ہیں جو حکومتی ترقیاتی ایجنڈے کی مدد کرے ، عمران :یوتھ پروگرام لانے کا اعلان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+ این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاری میں شفافیت لانا چاہتی ہے، سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی، ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں جو حکومتی ترقیاتی ایجنڈے کی مدد کرے۔ پاکستانی معیشت میں بہت زیادہ ممکنہ صلاحیت کا سرمایہ کاروں کو پورا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ وزیراعظم عمران خان سے سیلولر کمپنی ٹیلی نار گروپ کے صدر نے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران ٹیلی نار گروپ کے صدر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے تجربے کو تسلی بخش قراردیتے ہوئے ٹیلی کام کے شعبے میں مکمل تعاون فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں مالیاتی خدمات میں اضافہ کریں گے۔ ملاقات میں گروپ صدر نے وزیر خزانہ سے ہونی والی ملاقات اور140 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے ٹیلی کام کے شعبے میں ٹیلی نارگروپ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان عملی بنیادوں پرمعیشت کو فروغ دینا چاہتی ہے، حکومت ترقیاتی ایجنڈے میں ٹیلی نارگروپ کی شرکت کو سراہتی ہے، حکومتی تعاون سے سرمایہ کار وسائل کو بروئے کار لاکرملکی معیشت کو مضبوط بناسکتے ہیں۔اس سے قبل صدرٹیلی نارگروپ نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان میں 3.5 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کی اورسرمایہ کاری سے 5 ہزار لوگوں کو روزگار ملا۔ دریں اثناء وزیراعظم سے عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے انہیں اپنا معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز مقرر کیا جبکہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے عثمان ڈار کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ وزیراعظم نے آئندہ چند روز میں نیا پاکستان یوتھ پروگرام لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ قومی پالیسی اور یوتھ پروگرام کی تیاری کا ٹاسک عثمان ڈار کو سونپا گیا ہے، عثمان ڈار نے بطور معاون خصوصی تنخواہ وصول نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں قومی خزانے پر بوجھ نہیں بنوں گا۔ لیپ ٹاپ پر نہیں بلکہ نوجوانوں پر پیسہ خرچ کریں گے، وزیراعظم کے ساتھ مل کر نوجوانوں کا با اختیار بنائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا عثمان ڈار نوجوانوں سے متعلق پالیسی کے لیے بہترین انتخاب ہیں، نوجوانوں کا حکومت سازی میں کردار نہیں بھول سکتا، نوجوان ساتھ نہ دیتے تو حکومت میں نہ ہوتے، ہم نوجوانوں کو ایسی سہولیات دیں گے جو آج سے پہلے نہیں ملیں۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹاسک فورس معاشی بہتری سے متعلق قومی ترجیحات کا فائدہ لے گی ٹاسک فورس حکمت عملی اور ایکشن پلان ترتیب دے گی۔ ٹاسک فورس ملک کے نامور سائنسدانوں، انجینئرز پرمشتمل ہو گی۔ وزیراعظم نے فیصلہ سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر عطا الرحمن سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعظم عمران خان سے فیس بک، پبلک پالیسی کے نائب صدر سائمن ملز نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کاہ کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبروں، تشدد، نفرت انگیز مواد کے تدارک کیلئے میکنزم بنایا جائے۔ ای کامرس کے فروغ کیلئے جدید، خودکارمیکنزم بنایا جائے۔ معاشروں میں منفی رجحانات کے خطرات کو کم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان میں تجارتی و صحت سے متعلق سرگرمیوں کے فروغ کیلئے فیس بک سے تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔ نفرت، تشدد پھیلانے والے مواد کے تدارک سے متعلق ہم مشترکہ خیالات رکھتے ہیں۔ فیس بک پبلک پالیسی کے نائب صدر نے وزیراعظم کو اپنی کمپنی کے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے معاملہ پر ملاقات کی ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے گورنر سندھ نے ملاقات کرکے تجاوزات کے خلاف آپریشن پرتحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل سپریم کورٹ کے اقدامات کے حوالے سے فوری طور پر نظرثانی درخواست دائر کریں۔

ای پیپر-دی نیشن