• news

تقسیم ہند کے وقت کرتارپور پاکستان کے حوالے کرنا کانگرس کی بڑی غلطی تھی: مودی

نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 1947 میں تقسیم ہند کے وقت کرتار پور کو پاکستان کے حوالے کرنا کانگریس کی بہت بڑی غلطی قرار دے دیا۔ بھارتی وزیراعظم انتخابی ریلی میں حزب مخالف جماعت کانگریس کوزیرکرنے کیلئے نیا نکتہ نکال لائے اور کہا 1947میں کانگریس رہنماوں کی وجہ سے کرتارپور پاکستان کے حصے میں چلاگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری قسمت میں کانگریس کی 70 سال پر محیط غلطیوں کوٹھیک کرنا لکھا تھا، کرتار پور راہداری جیسا مقدّس کام میری قسمت میں لکھا تھا، ہمیں کانگریس سے سوال کرنا چاہئے کہ انہوں نے کرتار پور پاکستان کیوں جانے دیا۔کیا کانگریس نے ذرا بھی اس بات پر توجہ دی کہ یہ گردوارا بھارت سے صرف تین کلومیٹر کی دوری پر ہے اور اسے بھارت سے الگ کر دیا۔ کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کانگریس سے یہ بھی پوچھنا چاہیے کہ ان 70 سالوں میں انہوں نے کرتار پور راہداری کیوں نہیں کھلوائی۔ مودی نے کہا کہ اس بات کا جواب یہ ہے کہ کانگریس نے سکھ کمیونٹی کے لئے بابا گرونانک کی اہمیت کو جانا ہی نہیں تھا۔

ای پیپر-دی نیشن