• news

نومبر کے دوران مہنگائی میں 6.5فیصد اضافہ ہوا: ادارہ شماریات

اسلام آباد (نیٹ نیوز) گزشتہ ماہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی کی شرح میں ساڑھے 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں مہنگائی کی شرح میں 6.5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 6.8 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ دوسری جانب جولائی سے نومبر کے دوران مہنگائی کی شرح 6.02 فیصد رہی۔ نومبر میں مرغی 19 فیصد مہنگی، انڈوں کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ، پٹرول 5 فیصد اور ڈیزل 7 فیصد فیصد مہنگا ہوا۔ اسکے علاوہ مونگ کی دال 2 فیصد، ماش ساڑھے 3 فیصد مہنگی، ڈیری مصنوعات ڈھائی فیصد مہنگی ہوئی جبکہ سیمنٹ کی قیمت میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت ملک میں مہنگائی 4 سال کی بلند ترین سطح کو چھو چکی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا۔ حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بیرونی قرضوں اور واجبات میں ایک ارب 39 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ 30 ستمبر تک بیرونی قرضوں اور واجبات کا حجم 96 ارب 73 کروڑ ڈالر ہوگیا۔ 30 ستمبر تک بیرونی قرضوں کا حجم 85 ارب 64 کروڑ ڈالر رہا۔

ای پیپر-دی نیشن