سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی پارٹی کا جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی میں شامل عمران کیخلاف مقدمات واپس لینے کا اعلان
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالوہاب ایڈووکیٹ، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا ساتھ چھوڑکر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ مرکزی مڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف دی گئی تفصیلات کے مطابق منگل کو عبدالوہاب بلوچ ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نعیم الحق سے ملاقات کی اور پی جے ڈی پی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ ان کے علاوہ صوبہ سندھ کے صدر محمد آصف قریشی ،سینئر نائب صدر سندھ انور بلوچ، نائب صدر سردار سندھ منور علی خان اور اسلام آباد سے پی جے ڈی پی کی رہنما نبیلہ ارم ایڈووکیٹ اور نعمت اللہ وگن نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف تمام عدالتوں سے نااہلی کے مقدمات واپس لینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر عبدالوہاب بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا کہ قوم کو قائد اعظم کے بعد عمران خان کی شکل میں مخلص اور زیرک رہنما میسر آیا ہے۔ جمہوریت کے استحکام و ترقی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے نظریے سے مکمل متفق ہیں۔