• news

ریلوے کرایوں میں 19فیصد تک اضافہ، سیگریٹ، تمباکو اور سافٹ ڈرنک پر’’گناہ‘‘ٹیکس لگے گا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ریلوے کرایوں میں 10 سے 19 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف ٹرینوں کے کرائے میں اضافے کا اطلاق 7 دسمبر سے ہوگا۔ گرین لائن ٹرین کا کراچی سے اسلام آباد کرایہ 540 روپے اضافے سے 5880 روپے، قراقرم ایکسپریس کا کراچی سے لاہور کرایہ 170 روپے اضافے سے 1820 روپے ہوگیا جبکہ کراچی ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس کے کرایوں میں 12 فیصد، خیبر میل، عوامی ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس کے کرایوں میں 13 فیصد، تیزگام کی تمام کلاسوں کے کرایوں میں 15 فیصد، پاکستان ایکسپریس کے کرایوں میں 19 فیصد، سکھر ایکسپریس کی تمام کلاسوں کے کرایوں میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ریلوے کرائے


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) حکومت نے سگریٹ، تمباکو اور سوفٹ ڈرنک پر ’’گناہ‘‘ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گناہ ٹیکس کی سفارشات کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ ٹیکس سے جمع شدہ آمدن شعبہ صحت پر خرچ کی جائے گی۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عامر محمود کیانی نے ایک سیمینار کے دوران خطاب میں سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو خبردار کیا ہے کہ حکومت سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات پر گناہ ٹیکس عائد کریگی۔ سیمینار سے خطاب میں عامر کیانی نے کہا کہ ہم تمباکو اور سگریٹ پر گناہ ٹیکس لگانے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں سگریٹ نوشی کی عادت وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی جا رہی ہے جس کا زیادہ تر شکار نوجوان نسل ہے۔ ٹیکس کا مقصد عوام خصوصاً نوجوان نسل کو اس عادت سے بچانا ہے۔ تاہم وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ایسی ایک تجویز آئی تھی لیکن رد کردی گئی ہے۔ ایسا کوئی بل پیش نہیں ہورہا۔دریں اثناء گناہ ٹیکس کے نفاذ سے سگریٹ مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے۔ گناہ ٹیکس آمدن وزیراعظم ہیلتھ پروگرام کے تحت استعمال ہوگی۔ وزارت صحت نے گناہ ٹیکس کے نفاذ کے بارے میں مختلف آپشنز پر غور کیا ہے۔ فی سگریٹ پیکٹ پر 5 تا 15 روپے ٹیکس عائد کرنے پر غور کیا گیا۔ ٹیکس نفاذ سے سالانہ اربوں روپے کی آمدن متوقع ہے۔ پاکستان سگریٹ پر سگریٹ پر گناہ ٹیکس لگانے والا دنیا کا دوسرا ملک ہوگا۔ فلپائن سگریٹ پر گناہ ٹیکس لگانے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک میں سالانہ 4 ارب سے زائد سگریٹ فروخت ہوتے ہیں ۔
گناہ ٹیکس

ای پیپر-دی نیشن