• news

وزیر خزانہ سے متعلق منفی پروپیگنڈہ کا مقصد سنبھلتی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے : فواد چوہدری افتخار درانی

لندن (ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے وزیر خزانہ اسد عمر کے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ کے متعلق منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈا کا مقصد سنبھلتی ہوئی ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دو چار کرنا ہے۔ اسد عمر اپنی بھرپور صلاحیتوں اور محنت کے ساتھ بہترین قومی خدمات انجام دے رہے ہیں، ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے ان کی پیشہ ورانہ قابلیت نے اہم کردار ادا کیا۔ عمران خان وزیر خزانہ اسد عمر کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد رکھتے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ درآمدت میں کمی آئی ہے۔ ترسیلات زر بڑھ رہی ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معیشت میں پاکستان کی سیاست کی طرح ایک انتہائی تبدیلی کا عمل مکمل ہوگا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفیٰ کے حوالے سے چلائی جانے والی خبر صریحاً من گھڑت اور بے بنیاد ہے، من گھڑت خبر کی تردید کے باوجود بعض حلقوں کی جانب سے اسے اچھالنا افسوسناک ہے، یہ امر افسوسناک ہے کہ ایک من گھڑت خبر کی تردید کے باوجود بھی بعض حلقے ایسی بے بنیاد خبر کو اچھال رہے ہیں۔ افتخار درانی نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ کسی بھی خبر کی تشہیر سے پہلے وزیراعظم کے ترجمان سے تصدیق کر لی جائے۔ ایسا کرنا نہ صرف میڈیا نمائندگان کی صحافتی بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔
فواد چودھریافتخاردرانی

ای پیپر-دی نیشن