گورنر اسٹیٹ بنک کا تقرر‘ عدالتی فیصلہ کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر فریقین کو نوٹس
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویڑن بنچ نے گورنر اسٹیٹ بنک کی تعیناتی کے خلاف درخواست مسترد کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل سید اقبال حسین ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ گورنر اسٹیٹ بنک طارق باجوہ معیشت کے حوالے سے کوئی تجربہ نہیں رکھتے ، ان کی ناتجربہ کاری کے باعث ملکی کی معیشت تباہی کا شکار ہوئی لہٰذا عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے طارق باجوہ کو گور نر سٹیٹ بنک کے عہدے سے ہٹایا جائے۔ دلائل سننے کے بعد فاضل ڈویڑن بنچ نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔