وزیر اعظم عمران خان اقتدار میں آکر دوستوں کو نواز رہے ہیں : سرفراز نواز
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ فاسٹ باولر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت میں آنے کے بعد اپنے دوستوں کو نواز رہے ہیں وہ نجم سیٹھی کو نواز شریف کی طرف سے کرکٹ بورڈ میں عہدہ دینے پر تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم بننے کے بعد انہوں نے اپنے دوست احسان مانی کو چیئرمین کرکٹ بورڈ نامزد کیا۔ کیا یہ دوہرا معیار نہیں ہے۔ احسان مانی عہدہ سنبھالنے کے بعد کرکٹ بورڈ کے پیسے کو ضائع کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں وہ ایم ڈی برطانیہ اور ڈائریکٹر میڈیا آئی سی سی سے امپورٹ کر رہے ہیں یہ کہاں کا انصاف ہے۔ کیا بائیس کروڑ کے ملک میں کوئی اتنا اہل نہیں کہ یہ دونوں عہدے پاکستان میں بسنے والوں کو دیے جا سکیں۔ اتنی بڑی تنخواہ تو ملک میں وفاقی سیکرٹری اور دیگر اہم عہدیداروں کی بھی نہیں ہے ایک طرف سابق حکومت کے عہدیداروں پر بھاری معاوضوں پر تقرریاں کرنے کے کیا چل رہے ہیں تو دوسری طرف بورڈ کے چیئرمین اس سے بھی بھاری تنخواہوں افسروں کی تقرریاں کر رہے ہیں۔ایک طرف زلفی بخاری کا کیس زیر سماعت ہے بیورو کریٹس پیشیاں بھگت رہے ہیں کیا پاکستان کرکٹ بورڈ پر ملک کا کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور نیب چیئرمین سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔ کرکٹ بورڈ کو ملکی قوانین کا پابند بنایا جائے بھاری پر تقرریاں روکی جائیں یہ پیسہ کرکٹرز کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی اپنے ماضی کے بیانات پر نظر ڈالیں جب وہ دوسروں پر اقربا پروری کے الزامات لگاتے رہے ہیں اقتدار حاصل کرنے کے بعد وہ خود بھی وہی کام کر رہے ہیں۔ کیا پاکستان میں کرکٹ اور میڈیا کی سمجھ بوجھ رکھنے والا کوئی شخص نہیں ہے جو ان عہدوں کے لیے باہر سے لوگوں کو لایا جا رہا ہے۔ احسان مانی اپنا قبلہ درست کریں یہ پیسہ کرکٹرز کا ہے اسے اپنے من پسند افراد پر لٹانے کی کوئی اجازت نہیں ہے۔