• news

وزیراعظم عوامی فلاح میں دلچسپی لیتے‘ عثمان بزدار اچھا کام کر رہے ہیں : پرویز الہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے لندن کی کونسل میئرہانسلو کی سمیعہ چودھری نے ملاقات کی۔ سپیکر نے پنجاب اسمبلی کی تاریخ اور پارلیمانی روایات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی، کونسلر مس نثار ملک، کونسلر دانش سعید، نسمہ ملک، غلام مرتضی، ساجد بخاری اور ساجد محمود بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے بھاری قیمت چکائی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں۔ عثمان بزدار عوامی وزیر اعلٰی وہ بڑا اچھا کام کر رہے ہیں۔ ہمارے سابق دور کے ترقیاتی منصوبے نہ روکے جاتے تو آج صوبہ کی صورتحال مختلف ہوتی، تاہم اب یہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔ صوبہ میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات دے گی۔ ہمارا اورنج لائن ٹرین انڈر گراﺅنڈ بنانے کا منصوبہ تھا تاکہ سڑکوں پر ٹریفک متاثر نہ ہو۔ بچوں کو بھیک مانگنے کی لعنت سے بچانے کے لیے ہم نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں اصلاحات کیں۔ ہمارے دور حکومت میں سپیشل بچوں کے لیے سکول بنائے گئے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بلائینڈز کالج کا قیام عمل میں لایا گیا۔ سمیعہ چودھری نے اسمبلی کے رولز آف پروسیجر سے بھی آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے چودھری پرویز الٰہی کے پہلے دور میں ریسکیو1122، میٹرک تک مفت تعلیم، بچوں اور بچیوں کے لیے وظائف اور دیگر ترقیاتی کاموں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت روز بروز مضبوط ہو رہی ہے۔ قبل ازیں برطانوی میئر نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی بھی دیکھی۔ سمیعہ چودھری نے جمہوری روایات کے فروغ اور ملکی ترقی کیلئے حکومت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات

ای پیپر-دی نیشن