• news

وزیراعظم سے ملاقات‘ اعظم سواتی نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت سے استعفی دیدیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔ اعظم سواتی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اس دوران انہیں اپنا استعفیٰ پیش کر دیا جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا۔ انہوں نے ملاقات کے دوران وزیراعظم سے موجودہ حالات میں کام کرنے سے معذوری ظاہر کی اور کہا وہ اخلاقی طورپر سمجھتے ہیں موجودہ حالات میں اپنا کام جاری نہیں رکھ سکتا۔ وزیراعظم نے ان سے کہا کہ ان کے خلاف سپریم کورٹ میں جو کیس چل رہا ہے‘ اس کا فیصلہ آنے تک وہ اپنا فیصلہ مو¿خر کر دیں۔ تاہم اعظم سواتی نے کہا کہ وہ اپنے ضمیر پر بوجھ محسوس کررہے ہیں اور ان حالات میں اپنی ذمہ داری بخوبی انجام نہیں دے پائیں گے۔ وزیراعظم نے انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے خلاف کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی تمام ہدایات کی پابندی کریں۔ اعظم سواتی نے کہا سپریم کورٹ میں اپنا دفاع کروں گا۔ واضح رہے کہ اعظم سواتی کے خلاف سپریم کورٹ میں آئی جی تبادلہ کیس زیرسماعت ہے۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد تبادلہ ازخود نوٹس کیس میں ان کے خلاف آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت کارروائی کرنے کیلئے کہا تھا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ اب میں اپنے خلاف دائر کیس کو بغیر کسی عہدے یا اختیار کے لڑوں گا۔ ترجمان وزیراعظم کے مطابق اعظم سواتی نے اپنے خلاف جاری کیس میں فیصلہ آنے تک وزارت رکھنے سے معذرت کی۔
اعظم سواتی

ای پیپر-دی نیشن