مقبوضہ کشمیر : مزید 4 نوجوان مجاہد قرار دیکر شہید‘ بھارت کا آزاد کشمیر کیلئے سرجیکل سٹرائیک فورس بنانے کا فیصلہ
سرینگر/نئی دہلی (اے این این + کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے چار کشمیری نوجوانوں کو مجاہدین قرار دے کر شہید کر دیا ہے جبکہ گزشتہ روز کنٹرول لائن پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو فوجی دم توڑ گئے ہیں ۔ یہ واقعہ ضلع کولگام کے علاقے حی پورہ بٹہ گنڈ میں پیش آیا۔قابض فورسز کے مطابق علاقے میں مبینہ جنگجوو¿ں کی موجوگی کی اطلاع پر مشترکہ آپریشن کیا۔ اس دوران علاقے کو محاصرے میں لیا گیااور موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر کے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔گھر گھر تلاشی کے دوران ایک گھر میں چھپے جنگجوو¿ں نے فورسز پر فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر جاری رہا۔مقابلے میں چار نوجوان مارے گئے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ بھارتی فورسز نے ایک گھر کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا جس کے ملبے سے چار افراد کی نعشیں ملی ہیں ۔ واقعہ کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا ۔ اس دوران بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں دکانیں ،بازار اور تعلیمی ادارے بھی بند کر دئےے گئے ۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے الزام لگایا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جوابی کارروائی میں زخمی ہونے والے دو فوجی دم توڑ گئے ہیں ۔ یہ فوجی ضلع بارہمولہ کی تحصیل اوڑی اور مژھل سیکٹر میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ بھارت کے تفتیشی ادارے این آئی اے کی خصوصی عدالت نے دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی 2 ساتھیوں ناہیدہ نصرین و فہمیدہ صوفی کو 12 دسمبر کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ کشمیر کے دو نوجوانوں کو گجرات کے شہر کچھ سے گرفتارکیا گیا ہے۔ 6 نوجوانوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ پی ایس اے کے تحت گرفتاری کے بعد ہیرانگیز جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے لا ئن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار آزاد کشمیر میں مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ایک خصوصی سرجیکل سٹرائیک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سرجیکل سٹرائیک فورس میں بعض ارکان پالیسی پلاننگ گروپ میں کام کریں گے جبکہ باقی آپر یشنل ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ بھارتی اخبار روزنامہ ایکسلشر کے مطابق ابتدا میں اےس اےس اےف اہلکاروں کی تعداد250 ہو گی۔ حکام کے مطابق اےس اےس اےف اہلکاروں کے زرےعے جموں وکشمیر میں سرحد پار عسکرےت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا اور دراندازی کی کوششوں کو قبل از وقت ہی ناکام بنایا جاسکے گااوربوقت ضرورت غیرمعمولی نوعیت کے آپر ےشن بھی ہوں گے۔ خصوصی سرجیکل سٹرائیک فورس تینوں فورسز بشمول آرمی، انڈین ائرفورس(آئی اے ایف) اور نیوی کے خصوصی تربیت یافتہ کمانڈوز پر مشتمل ہوگی۔ اخبار کے مطابق پاکستانی فوج کی طرف سے بھارتی فوج پر سنیپر حملوں میں اب تک کئی فوجی یا تو ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔ اخبار کے مطابق سرجیکل سٹرائیک فورس دشمن کے علاقے میں ہنگامی اور بروقت حملے ، ٹھکانوں کو نشانہ بنانے، دشمن کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے اور میدان جنگ سے چشم زدن میں نکلنے کی پوری صلاحیت و اہلیت رکھتی ہوگی۔
بھارتی/فورس