نیب اسی طرح رہنا چاہیے ہم بھگت چکے‘ باقی بھی بھگتیں عمران سے ہیلی کاپٹر‘ خاندانی ذرائع آمدن کا بھی پوچھا جائے : نوازشریف
اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ نیب کو میں نے نہیں مشرف نے بنایا، نیب کا قانون ہی غلط ہے تاہم نیب جس طرح ہے اسی طرح رہنا چاہیے ہم بھگت چکے ہیں باقی بھی بھگتیں،نیب عمران خان کے ہیلی کاپٹر اور باقی خاندان کے ذرائع آمدن کا بھی احتساب کرے ۔جمعہ کو کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا نے ہمارے دور حکومت میں معیشت کی تعریف کی۔19ہزار سے اسٹاک ایکسچینج کو بڑھا کر 53ہزار پر لے گئے۔ ہمارے 4 سال میں ڈالراتنا نہیں بڑھا جتنا اس حکومت کے چند ماہ میں بڑھ گیا، ملکی معیشت کے لیے کرنسی مستحکم ہونی چاہیے، 2013سے 2017تک سٹاک ایکسچینج بہت اچھا رہا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ ڈالر بڑھے اور وزیراعظم کو پتہ نہ ہو، ہمارے دور میں میرے فیصلے کے بغیر ڈالر 10پیسے بھی نہیں بڑھا، مجھے نہیں پتہ کہ ڈالر کو نچلی سطح پر رکھنے کے لیے مصنوعی طریقہ کار کیا ہے، اگر ہم نے ڈالر کو نیچے رکھنے کے لیے مصنوعی طریقہ اختیار کیا تھا تو موجودہ حکومت بھی کر لے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے دہشت گردی پر قابو پالیا تھا، کراچی شہر کو پر امن بنایا تھا، شہباز شریف کراچی گئے بھی نہیں پھر بھی فیصل واڈا سے 500ووٹوں سے ہارے، ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا تھا، آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق ہمارے دور میں معیشت کی گروتھ 6.6فیصد رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ٹماٹر 20روپے کلو ٹماٹر تھا اور اب 200سے زیادہ ہے۔ گیس اور کھاد کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے۔ دنیا میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے یہاں بڑھ جاتی ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت یو ٹرن سے نہیں سچ بولنے اور کام کرنے سے مستحکم ہوتی ہے جبکہ ملکی معیشت موجودہ حکومت کے سوا ہر چیز کی متحمل ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کو میں نے نہیں مشرف نے بنایا، نیب کا قانون ہی غلط ہے، پوچھتے ہیں آپ کی فیملی 1999میں کیوں باہر گئی۔ مشرف نے جلاوطن کیا، خود مرضی سے نہیں گئے۔نواز شریف نے کہا کہ کوئی تو پوچھے احتساب کس طرح ہو رہا ہے۔ نیب جس طرح ہے اسی طرح رہنا چاہیے ۔ہم بھگت چکے ہیں باقی بھی بھگتیں۔ نیب عمران خان کے ہیلی کاپٹر کا بھی احتساب کرے۔ نیب عمران کے باقی خاندان کے ذرائع آمدن کا بھی احتساب کرے۔ ہمارا تو ذرائع آمدن کا ریکارڈ 1937 سے موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا سیاست میں آنے سے پہلے زیادہ خوشحال تھے۔ سیاست میں آنے کے بعد پریشانیوں میں اضافہ ہوا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر دل نہیں کرتا کہ کچھ بولوں۔ شہباز شریف کے خلاف تفتیش میں کیا نکلا، آج نہیں تو کل قوم اس کا جواب مانگے گی، شہبازشریف کو ڈھائی مہینے کیوں بند رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف پانی سے کچھ نکلا نہ آشیانہ سے کچھ نکلا، جس شخص نے دن رات محنت کی اس کو یہ صلہ دیا۔ شہبازشریف کے کام کا میں گواہ ہوں کیونکہ 60 سال سے ہم ساتھ ہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ بہت ساری چیزوں کو میں بھی محسوس کرتا ہوں، کیا میں اور شہباز شریف اس سزا کے مستحق تھے جو دی گئی، بیرون ملک موجود تھا تو سزا دی گئی، بیوی کو بستر مرگ پر چھوڑ کر آیا اورایئرپورٹ سے گرفتار کر کے جیل بھیج دیاگیا۔
نوازشریف