کرپشن کرنیوالے غدار 30 برس کا سٹیٹس کو ہر صورت توڑنا ہے‘ ریکارڈ قانون سازی کرینگے : عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں 30 سالہ سٹیٹس کو توڑنے اور ریکارڈ قانون سازی کرنے کا اعلان کیا ہے - وہ گزشتہ روز وزیر اعلی آفس میں میڈیاسے غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہمیرا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے اور اللہ تعالیٰ کی رحمت اور لوگوں کی دعاﺅں سے وزارت اعلیٰ کی ذمہ داری ملی ہے۔ صوبے میں چیلنجز بھی بہت ہیں لیکن میرا عزم اس سے بلند ہے۔ میں اپنے صوبے کے عوام کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ 100 روزہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے اور عوام کو بتائیں گے کہ ہم نے 100 روز میں اپنے راستے کا تعین کر لیا ہے اور اگلے 5 برس میں کیا کرنا ہے، اس کا منصوبہ بھی عوام کے سامنے رکھیں گے۔ ہمارا راستہ سیدھا اور نیت نیک ہے، اللہ تعالی کا فضل بھی شامل حال ہوگا۔میں نے بنیادی ضروریات سے محروم ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور بارتھی کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیاجبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اگلے مالی سال میں کام شروع کر دے گا۔لاہور کی ترقی صرف ایک علاقے تک محدود تھی، ہم لاہور کیلئے بھی میگا پراجیکٹ لا رہے ہیں۔پینے کے پانی کے مسئلے کو بھی حل کریں گے اورعوام جلد تبدیلی دیکھیں گے۔میں پروٹوکول کے بغیر لوگوں سے ملتا ہوں۔رات 12 بجے بھی لوگ آئیں تو ان سے ملاقات کرکے مسئلہ حل کرتا ہوںاورتاریخ میں پہلی بار محکموں نے بچت کرکے دکھائی ہے۔صحافیوں کے جائزمطالبات حل کریں گے۔پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میں خود پنجاب اسمبلی میں بیٹھوں گا۔میں آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے کام کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 30 برس کے سٹیٹس کو کو ہر صورت توڑنا ہے۔یہ آسان کام نہیں لیکن ہم نے سٹیٹس کو توڑنے کے کام کا آغاز کر دیا ہے، اب بہتری آ رہی ہے۔قبضہ مافیا کے خلاف مہم میں کھربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ایسے ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں کہ آپ دنگ رہ جائیں گے۔میں 100 روزہ کارکردگی پر سب کچھ عوام کے سامنے رکھوں گا۔گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ میری ذمہ داری ہے۔کرشنگ سیزن میں تاخیر ہوئی ہے لیکن پنجاب حکومت نے اس ضمن میں خود اقدامات کئے ہیںاورگندم کی فصل کے بارے میں بھی ابھی سے کام شروع کر دیا ہے اورزرعی پالیسی کا بھی جلد اعلان ہوگااورکسان کو ریلیف فراہم کریں گے۔چٹ سسٹم کو ختم کیا ہے، جہاں خلاف ورزی ہوئی وہاں ایکشن لوں گا۔مہنگائی پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیںاورپرائس کنٹرول کے حوالے سے انتظامیہ کو وارننگ دے دی ہے۔جہاں شکایت ملی وہاں کارروائی ہوگی۔میں نے خود اس ضمن میں میٹنگ کرکے پنجاب بھر کی انتظامیہ کو فعال کردار ادا کرنے کا کہا ہے۔ترقی کے سفر کو کسی ایک علاقے تک محدود نہیں ہونے دیں گے۔وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ پولیس میں اصلاحات کے حوالے سے کمیشن بنایا، کمیشن اب بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ناصر درانی نے صحت کے معاملات کے باعث استعفیٰ دیالیکن ہم کمیشن میں نئے لوگ لا رہے ہیں۔تجاوزات کے خلاف آپریشن میں واگزار کرائی گئی اراضی کا لینڈ بینک بنا رہے ہیں۔واگزار کرائی اراضی کا بہترین استعمال کریں گے۔میں خود تجاوزات کے خلاف مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیتا ہوںاورمجھے اپنے کام کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں۔عثمان بزدار سے وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تغیرات زرتاج گل نے ملاقات کی۔زرتاج گل نے ڈیرہ غازی خان کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکیج دینے پر عثمان بزدار سے اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ڈیرہ غازی خان کی تعمیر و ترقی کے لئے حقیقی معنوں میں بے مثال پیکیج دیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی خوش قسمتی ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلی کا تعلق وہاں سے ہے۔آپ اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام کے دل جیت رہے ہیں اور عوام کے ساتھ آپ کا تعلق پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے ۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ ماضی میں وسائل صرف مخصوص علاقوں پر خرچ کئے گئے -تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام کو طویل عرصے تک پسماندہ رکھا گیا، اب ایسا نہیں ہو گا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے دوردراز علاقوں کی خوشحالی پر توجہ مرکوز کی ہے اور عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کام کرر ہے ہیں ۔ عام آدمی خوشحال ہو گا تو تبدیلی آئے گی۔بدعنوانی کی روک تھام کے عالمی دن پر پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب سرادر عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دےا ہے ۔ بد عنوانی ایک سماجی ظلم ہے اورکرپشن کرنے والے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے ہےں اورملک سے غداری کرتے ہےں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایشیئن گیمز کلاسک پاور لفٹنگ میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی کھلاڑی مصطفی فاران بیگ کو مبارکباددی ہے۔عثمان بزدار نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی اور ایم این اے اورنگزیب کھچی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار