• news

این آئی سی ایل کیس‘ ایاز نیازی سمیت 6 ملزموں کو 7-7 سال قید‘ 10 برس کیلئے نااہل‘ کمرہ عدالت سے گرفتار

کراچی، پشاور، اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+آئی این پی + صباح نیوز+ آن لائن) کراچی کی احتساب عدالت نے این آئی سی ایل کیس میں سابق چیئرمین ایازخان نیازی سمیت 6 ملزموں کو سزا سنا دی۔ عوامی عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دیدیا۔ احتساب عدالت نے این آئی سی ایل سی کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق چیئرمین ایازخان نیازی سمیت 6 ملزمان کو 7‘ 7 سال قید کی سزا اور تمام ملزموں کو 10 سال کیلئے کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیدیا۔ کیس میں نیب نے ملزموں پر الزام عائد کیا تھا انہوں نے کورنگی میں زمین مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو 49 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا ۔ عدالتی فیصلے کے بعد کورٹ پولیس نے این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی سمیت دیگر ملزموں کو کمرہ عدالت سے تحویل میں لے لیا۔ واضح رہے اس ریفرنس میں 2 ملزم پلی بارگین کر چکے ہیں۔آن لا ئن کے مطابق نیب نے ما لم جبہ سکینڈل میںخیبر پی کے کے سینئر وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز خان کو آئندہ ہفتے طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے مالم جبہ سکینڈل میں بیان ریکارڈ کرانے کے لئے کے پی کے سینئر وزیر عاطف خان اورسنیٹر محسن عزیز خان کو آئندہ جمعہ کو طلب کر لیا۔ واضح رہے ملزموں پر محکمہ جنگلات کی 272 ایکڑ اراضی غیر قانو نی طور پر اونے پو نے بیچنے کا الزام ہے۔ سینئر وزیر عاطف خان مالم جبہ لیز حاصل کرنے والے ٹھیکیدار کے رشتہ دار ہیں اور سینیٹر محسن عزیز ما لم جبہ اراضی لیز پر دینے کی مجاز کمیٹی کے رکن تھے ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق سیکرٹری پہلے ہی اس کیس میں نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔ این این آئی کے مطابق نیب نے سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی تقرری کی انکوائری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ رپورٹ کے مطابق عمران الحق کی تقرری خلاف قانون کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا شیخ عمران الحق کی بطور ایم ڈی پاکستان سٹیٹ آئل تقرری سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کی۔ تقرری کا عمل شفاف نہیں تھا۔ عمران الحق کو کسی آئل فیلڈ کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ عمران الحق کو ماہانہ 49 لاکھ روپے سے زائد رقم تنخواہ اور مراعات کی مد میں دی گئی۔ عمران الحق نے ایم ڈی بننے کے بعد وزارت پٹرولیم کو اعتماد میں لئے بغیر اپنے دوست کو ڈپٹی ایم ڈی کے عہدے پر ترقی دے دی۔ یعقوب ستار کو 27 لاکھ 60 ہزار کا ماہانہ مجموعی مالی پیکج دیا گیا۔نیٹ نیوز کے مطابق دیگر ملزمان میں امین قاسم دادا، حر رہائی گردیزی، عامر حسین، زاہد حسین اور محمدظہور شامل ہیں۔ وقائع نگار کے مطابق احتساب عدالت میں سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے۔

این آئی سی ایل

ای پیپر-دی نیشن