الحمرا میں کمرشل ڈراموں پر پابند ی عائد نہیں :اطہر علی خان
لاہور(کلچرل رپورٹر)ایگز یکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرااطہر علی خان نے کہا ہے کہ الحمرا میں کمرشل ڈراموں پر پابند ی عائد نہیں کی گئی ۔ اس ضمن میں میرٹ اور شفافیت کے نظام کو وضح کرنے کے لئے چند روز کا تعطل آیا ہے ،ہم پاکستانی تھیٹر ڈرامہ کو اصل ہاتھوں میں دینا چاہتے ہیں،جس کا مقصد کمرشل ڈراموں کو فحاشی وعریانی اورذومعنی جملہ بازی سے پاک کرکے اس کے معیار کوبہتر بنانا ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے مخصوص گرو ہ کی اجارہ داری تھی جس نے تھیٹر ڈرامہ پیش کرنے کے لئے طویل عرصہ تک کی پیشگی تاریخیں حاصل کر رکھی تھیں جس سے حقیقی اورسینئر پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کی حق تلفی ہو رہی تھی جس کی رو ک تھام اور بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے معاشی اور انتظامی امور کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔میڈیا میں ثقافتی سرگرمیوں پر قدغن لگانے کا جو تاثر دیا جارہا ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ بلکہ حکومت عوام کو معیاری اور سستی تفریح مہیا کرنے کے لئے بھر پور وسائل برئو ے کار لا رہی ہے۔