ماضی میں تعلیم و صحت کے شعبوں کو کاروبار میں بدلا گیا:طاہرالقادری
لاہور (صباح نیوز) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پاکستان عوامی تحریک علامہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ماضی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو کاروبار میں بدلا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ مفادعامہ کے ان دونوں شعبوں تک عام آدمی کی رسائی کو ممکن بنایاجائے، 70سالوں میں تعلیم اور صحت کے شعبے پر کبھی سنجیدگی سے توجہ نہیں دی گئی، تعلیم اور صحت پہلی ترجیح ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا، تعلیم کے بغیر کبھی کسی ملک نے ترقی نہیں کی، پاکستان میں تعلیم کاروبار بن چکی، پیسہ لگا کر کمائی کی جاتی ہے، منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دینی و دنیاوی تعلیم دونوں کا حسین امتزاج ہے، پاکستان سمیت دنیا کے 90 ممالک میں قائم تعلیمی اداروں، انسٹیٹیوٹ میں کسی بھی شخص کی ذاتی انویسٹمنٹ نہیں ہے، منہاج القرآن کی انویسٹمنٹ امت مسلمہ کی اگلی نسلوں کی ترقی کے لیے ہے، منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کی جدوجہد ہے کہ آنے والی نسلوں کو شعور ملے، کردار ملے، ملک و قوم ترقی کرے، پرامن و مستحکم معاشرہ قائم ہو۔امت مسلمہ کو اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے علم و تحقیق کی طرف آناہو گا، وہ منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قرأت و تحفیظ القرآن کے زیر اہتمام تکمیل حفظ قرآن کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک سوچ انسانیت کو قتل کرناچاہتی ہے، دوسری سوچ انسانیت کو بقا اور زندگی دینا چاہتی ہے، تحریک منہاج القرآن اور پی اے ٹی کے کارکنان نے انسانی حقوق کے تحفظ اور آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی اور اسی جدوجہد کے دوران سانحہ ماڈل ٹائون برپا ہوا،انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں ایسی تربیت دی جاتی ہے اور کردار سازی کی جاتی ہے جس سے سوسائٹی باکردار ہو سکے۔