• news

ملائشیا: مالے قوم کی مراعات برقرار رکھنے کے لئے احتجاجی ریلی

کوالالمپور (نیٹ نیوز) ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہزاروں مسلمان شہریوں نے حکومت کی جانب سے مالے قوم کو حاصل مراعات کے ممکنہ خاتمے کی کوشش کے خلاف ریلی کی شکل میں احتجاج کیا۔ خبر ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال مئی میں وزیراعظم مہاتیر محمد اور اتحادی حکومت کی ملک گیر کامیابی کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی معاونت سے ملائیشیا کے عوام کا یہ پہلا بھرپور اجتماع تھا۔ ریلی کو دو بڑی اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل تھی جس کا بنیادی مقصد حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے نسلی امتیاز کے خلاف معاہدے (آئی سی ای آر ڈی) پر دستخط کرنے کے منصوبے پر احتجاج کرنا تھا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں مالے قوم کو دہائیوں سے حاصل مراعات کا خاتمہ ہوجائے گا تاہم حکومت کی جانب سے یہ منصوبہ موخر کیا گیا جس کے بعد یہ احتجاج جشن میں تبدیل ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن