سوڈان میں تعینات اطالوی سفیر کی عوام دوستی‘ سوڈانی لباس پہن کر رکشہ چلایا
خرطوم(آئی این پی)سوشل میڈیا پر ایک فوٹیج وائرل ہوئی ہے جس میں سوڈان میں متعین اطالوی سفیرکو سوڈان کا قومی لباس زیب تن کیے، آٹو رکشہ چلاتے اور عام لوگوں کے ساتھ گپ شپ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے اور اسے ایک غیر ملکی سفیر کی سوڈانی عوام کے ساتھ دوستی کی عمدہ مثال کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔العربیہ کے مطابق اطالوی سفیر فاپریزیو لوبیسا نے سوڈان کا قومی لباس"جلابیہ" پہنا اور خرطوم کی شاہرائوں پر رکشہ بھی چلایا۔ اس موقع ان کی اہلیہ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو سوڈان کے خواتین کے لباس میں نظر آ رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج کے مطابق سوڈان میں اطالوی سفیر کو عام شہریوں سے ملتے اور ان سے گپ شپ لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اطالوی سفیرکی طرف سے سوڈان کی عوام سے گھل جانے پر سوشل میڈیا پر مثبت رد عمل سامنے آیا ہے۔