پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات، گیس پائپ لائن کی تعمیر کیلئے بات چیت جاری ہے: ایرانی سفیر
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں متعین ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ بین الاقوامی پابندیوں سے ایرانی معیشت متاثر نہیں ہوگی۔ ایران معاشی پابندیوں کے باوجود اپنا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں امریکہ نے ایران پر معاشی پابندیاں عائد کیں تاہم ایران کی عوام نے معاشی پابندیوں کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے۔ عائد کردہ معاشی پابندیوں سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران مضبوط مسلم ملک ہے اور ایرانی معیشت دان پابندیوں سے پہلے اپنی پالیسی ترتیب دے چکے تھے۔ مہدی ہنر دوست نے کہا کہ خلیجی ممالک سمیت مسلمان ممالک کو مل جل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ پاکستان کے ساتھ ایران کے خوشگوار تعلقات ہیں، ہم باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ ایران، پاکستان گیس پائپ لائن کی تعمیر کیلئے حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ سے پاکستان میں گیس کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔ معاشی پابندیوںکے باوجود بعض بین الاقوامی کمپنیوںکے ایران کے تجارتی روابط جاری ہیں۔
ایرانی سفیر