• news

شہباز شریف کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کو سب جیل قرار

لاہور (نوائے وقت نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ شہباز شریف کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا جائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے سیکرٹری داخلہ کو لکھے گئے خط میں سفارش کی گئی شہباز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل پیر سے شروع ہونے والے سیشن کے لیے قرار دیا جائے۔ واضح رہے کہ آشیانہ ہا¶سنگ سکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف کو گزشتہ سماعت پر لاہور کی احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ شہباز شریف کو آج مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں محکمہ داخلہ اور جیل حکام ان کا راہداری ریمانڈ لیں گے۔ راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد شہباز شریف کو اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔ جہاں وہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق پنجاب حکومت نے شہبازشریف کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث اسلام آباد میں موجودگی کی وجہ سے ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس سلسلہ میں جیل عملے کی تعیناتی کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ صوبائی وزارت داخلہ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ ارسال کرکے باضابطہ آگاہ کر دیا ہے۔

شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن