130 ہندو یاتری لاہور پہنچ گئے، واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد کے نعرے
لاہور(خصوصی نامہ نگار) ہندو مذہب کے تہوار مہاشیو پوجا اور قدیمی استھان راج یاترا کی تقریبات کیلئے 130 ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان پہنچ گئے‘ واہگہ بارڈر پر سیکرٹری بورڈ طارق وزیر‘ بورڈ افسران اور ہندو رہنماﺅں نے یاتریوں کا استقبال کیا اور گلدستے پیش کئے‘ہندو یاتریوں کے وفد کے جتھا لیڈر شیو پرتاب بجاج نے واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا قدیمی کٹاس راج مندر ہندو مذہب و عقیدے کا اہم جز ہے‘ پاکستان میں ہندو اور سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی پوری دنیا کیلئے امن کا پیغام ہے‘ دونوں ملکوں کا کلچر اور عوام ایک جیسے ہیں‘ یاتریوں کیلئے دونوں ملکوں کی سرحدی پابندی ختم ہونی چاہئے تاکہ باآسانی یاترا کرسکیں‘ پاکستان میں ہمارے عبادت گاہیں قدیمی ہیں جن کو محفوظ رکھا گیا ہے اور ہمیں یہاں ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہوتی ہے‘ ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں۔ ہندو یاتری آج سپیشل بسوں کے ذریعے کٹاس راج مندر جائیں گے جہاں پر مرکزی تقریب کل منعقد ہو گی‘ واہگہ بارڈر پر بھارت سے آئے یاتریوں نے پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
ہندو یاتری