پارک لینڈ کمپنی شیئر : بلاول اور زرداری جمعرات کو طلب
اسلام آباد / لاہور (وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار) نیب اسلام آباد نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو جمعرات 13 دسمبر کو طلب کرلیا، اتوار کو پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے طلب کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیب اسلام آباد کی جانب سے نوٹس موصول ہوگیا مگر بلاول بھٹو کی جگہ فاروق ایچ نائیک نیب میں پیش ہوں گے۔ نیب کے نوٹسز پی پی قیادت پر دبا¶ ڈالنے کی کوشش ہے۔ نیب اسلام آباد نے بلاول بھٹو زرداری کو پارک لین کمپنی کا شیئر ہولڈر ہونے کی وجہ سے طلب کیا ہے۔دوسری جانب نیب کے ترجمان نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی طلبی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کو پارک لین کمپنی کا شیئر ہولڈر ہونے پر 13 دسمبر کو طلب کیا گیا۔ یاد رہے کہ نیب نے گزشتہ ماہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو منی لانڈرنگ کیس میں ایک سوال نامہ ارسال کیا تھا جس میں ان سے بینک اکا¶نٹس کی تفصیلات سمیت دیگر معلومات کے حوالے سے پوچھا گیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے 29 نومبر کو نیب میں جواب جمع کرادیا تھا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کو بھیجا جانیوالا نوٹس انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ بلاول بھٹو سے اس دور کی معلومات کے بارے میں پوچھا جا رہا ہے جب انکی عمر صرف ایک برس تھی۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ان کے لئے میدان کھلا چھوڑا جائے۔ عمران خان اقتدار میں آ تو گئے ہیں اب مخالفت اور تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ بھی پیدا کریں۔
بلاول/ زرداری