کرپشن کیسز میں نرمی کے علاوہ تمام امورپر اپوزیشن کیساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں: فواد چودھری
اسلام آباد (آن لائن، نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کیسز میں نرمی کے علاوہ تمام امور پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں، اپوزیشن کے ساتھ مثبت تعاون کے حق میں ہیں کیونکہ یہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ بیان میں کہا کہ ہم نے پہلے دن ہی الیکشن امور پر کمیٹی بنائی جبکہ نیب قوانین کے حوالے سے بھی اپوزیشن سے مشاورت کی۔ واضح رہے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی کے بیان پر حکومت کو تعاون پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کرے اپوزیشن ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ ادھر ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا نیب نے گزشتہ روز مزید نوٹسز جاری کئے۔ ہم درست سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ سیاسی منزل پر پہنچ چکے اب معاشی منزل کی طرف سفر کرنا ہے جس کی وجہ سے ملک کی یہ حالت ہے انہیں 3 سال گھر سے نہیں نکلنا چاہئے۔ شہبازشریف کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقل کرنے کا کوئی پلان نہیں۔
فواد چودھری