• news

جابرانہ اور کٹھ پتلی حکومتیں انسانی حقوق کیلئے خطرہ، عالمی برادری کردار ادا کرے: بلاول

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نظرانداز کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی، خواہ وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں رونما ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری ہر انسان کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری ہی کرہِ ارض پر بقائے باہمی پر مبنی ماحول میں امن اور خوشحالی کے لئے واحد راستہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جابرانہ حکومتیں اور کٹھ پتلی حکمران انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے شدید خطرہ ہیں جبکہ فقط جمہوری نظام ہی ایسے معاشروں کو مزید انتشار سے بچا سکتا ہے، جو عدم مساوات کا شکار ہیں اور انسانی حقوق کو کوئی اہمیت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ انسانذات کا احترام اور اس کے حقوق تسلیم کئے جائیں، جن کے خلاف دنیا بھر میں خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور خاص طور پر وہاں صورتحال زیادہ خراب ہے جہاں آمرانہ طرز حکمرانی ہے یا جمہوریت آزاد نہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ انسانی حقوق کو فروغ اور ان کی حفاظت کی ہے اور کسی بھی امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔
بلاول

ای پیپر-دی نیشن