تہذیب کے دائرے میں رہ کر پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے: فیاض چوہان
لاہور (خبرنگار) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پروڈیوسر، رائٹر اور ہدایات کار سماجی و معاشرتی مسائل، اخلاقی برائیوں، سماجی رویوں اور انسانی المیوں پر مبنی ایسے سٹیج ڈرامے تیار کریں جو معیاری تخلیق، جاندار اداکاری اور تفریحی و اصلاحی مقاصد کے آئینہ دار ہوں اور شہریوں کو بامقصد تفریحی سہولیات مہیا کریں۔ حکومت پنجاب فنون لطیفہ کے فروغ اور ترویج و ترقی کے لئے ہر ممکن معاونت کرے گی۔ انہوںنے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل میں سینئر فنکاروں کے ایک اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں فنکاروں نے صوبائی وزیر کو آرٹسٹوں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل کے پلیٹ فارم سے معیاری سٹیج ڈرامے پیش کئے جا رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے آرٹسٹوں کے ڈرامہ فیسٹیول کے لئے مقابلے کا اعلان کیا اور کہاکہ بہترین پروڈکشن پر انعامات دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات و ثقافت نے صوبے میں صاف ستھری تفریحی سرگرمیوں کی راہ ہموار کی ہے اور ہم اس بات کے لئے کوشاں ہیں کہ تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے اور فنکاروں کو بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے فنکاروں نے اپنی اعلی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے ایسے شاندار ڈرامے اور پروگرام پیش کئے ہیں اور ایسی فلمیں دی ہیں جو آج بھی عوام کے دلوں میں نقش ہیں۔
فیاض چوہان