• news

محمد حفیظ پاکستان سپر لیگ فور کیلئے لاہور قلندرز کے کپتان مقرر

لاہور (نمائندہ سپورٹس )محمد حفیظ کو پی ایس ایل فور کے لیے لاہور قلندرز ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔لاہور کے رائل پام اینڈ کنٹری کلب میں پریس کانفرنس میں قلندرز انتظامیہ کی طرف سے محمد حفیظ کو یہ ذمہ داری سونپنے کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر محمد حفیظ کو رانا فواد نے لاہور قلندرز کی شرٹ بھی پیش کی۔پہلے ایڈیشن میں اظہر علی لاہور قلندرز کے کپتان تھے جبکہ دوسرے اور تیسرے ایڈیشن میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم نے قیادت کی تھی۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ لاہور قلندرز اب تک پی ایس ایل میں اچھے نتائج نہیں دے پائی، لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا، بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں جائیں گے اور شائقین کو مایوس نہیں کریں گے۔پریس کانفرنس میں لاہور قلندرز کے اونر رانا فواد اور ڈائریکٹر عاقب جاوید نے بھی حفیظ کو ایک بہترین کپتان قراردیتے ہوے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کپتان بننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ میں کسی ریکارڈ کے پیچھے نہیں تھا جب تک بہتر محسوس کیا ٹیسٹ ٹیم کا حصہ رہا اور جب ٹیسٹ کے لئے بہتر محسوس نہ کیا ریٹائرمنٹ لے لی۔ ون ڈے اور ٹی 20 کیلئے ورلڈ کپ 2019 تک دستیاب رہوں گا اس کے بعد پرفارمنس اور فٹنس دیکھ کر مزید کھیلنے کا فیصلہ کروں گا۔ پی ایس ایل اب پاکستانیوں کا برانڈ بن چکا ہے اور عوام کی اس میں بہت دلچسپی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن