سلیم ملک کو بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل کیا جائے:عطا ء الرحمان
لاہور(نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ فاسٹ باولر عطاء الرحمن کا کہنا ہے کہ سلیم ملک کو بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل کیا جائے وہ کھیل کی بہت سمجھ بوجھ رکھتے ہیں۔ پاکستان کے لیے لمبے عرصے تک کرکٹ کھیلنے والے سلیم ملک ملکی کرکٹ کی بہتری کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں انہیں کھیل کے معاملات سے دور رکھنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وسیم اکرم اہم عہدوں پر خدمات انجام دے سکتے ہیں تو پھر سلیم ملک پر کرکٹ بورڈ کے دروازے بند کیوں ہیں۔ کرکٹ بورڈ کی طرف سے مختلف کرکٹرز کے لیے مختلف قوانین انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل ہے کہ کرکٹ بورڈ میں بھی کرپشن کے خاتمے کی طرف توجہ دیں۔راشد لطیف، محسن خان ، وسیم اکرم اور ہارون رشید ایک ساتھ کام کر سکتے ہیں تو سابق کپتان سلیم ملک کو بھی موقع ملنا چاہیے۔