• news

ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان ہالینڈ سے شکست کے باوجود ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ گیا

لاہور(نمائندہ سپورٹس )ہاکی ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے آخری مرحلے کے میچوں میں نیدرلینڈز نے پاکستان کو 5-1 اور جرمنی نے ملائیشیا کو 5-3 سے شکست دے دی تاہم پاکستانی ٹیم کے پاس اب بھی ایونٹ میں اپنے سفر کو جاری رکھنے کے لیے ایک موقع باقی ہے۔بھارت کے شہر بھوبنیشور میں پاکستان اورہالینڈ کے درمیان کھیلے گئے میں ہالینڈ کی ٹیم کھیل پر چھائی رہی اور شروع ساتویں منٹ میں تھیری برینکمان نے گول کر کے برتری دلادی۔پاکستان کے عمر بھٹہ نے فوری طور پر نویں منٹ میں شاندار گول کے ذریعے پاکستان ٹیم کو میچ میں واپس لایا جو میچ کے 27 ویں منٹ تک برقرار رہا تاہم ویلنٹن ویرگا نے گول کرکے پاکستان پر ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کی۔ہالینڈکی جانب سے 37 ویں منٹ میں بوب ڈی ووگڈ، 47 ویں منٹ میں جورٹ کرون اور 59 ویں منٹ میں مینک وین ڈیر ویرڈین نے گول کرکے ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کردی۔مقرررہ وقت پر ہالینڈنے میچ کو پاکستان پر 1 کے مقابلے میں 5 گول کی برتری ختم کیا۔ہالینڈ کے سیووین ایس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قومی ٹیم نے شکست کے باوجود پرناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔پاکستان کو ناک آئوٹ مرحلے میں جانے کے لیے ہالینڈسے شکست کی صورت میں گروپ کی دوسری ٹیم ملائیشیا کو جرمنی سے ہارنا لازم تھا اگر ملائیشیا کی ٹیم یہ میچ جیت جاتی تو قومی ٹیم کی اگلے مرحلے میں رسائی مشکل ہوجاتی۔اگر ملائیشیا اپنا میچ برابر کرتاتو پاکستان کو پری کوارٹرفائنل میں پہنچنے کے لیے ہالینڈسے میچ کو برابر کرنا پڑتا۔ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کو اب تک ہالینڈ سے قبل جرمنی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی تاہم ملائیشیا کیخلاف میچ ڈرا ہوا تھا۔ قبل ازیں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود سے ملاقات کی۔پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور عالمی کپ میں ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔گروپ ڈی کے ایک اور اہم میچ میں جرمنی نے ملائیشیا کو 5-3 سے شکست دے کر گروپ میں اپنی برتری برقرار رکھی۔جرمنی نے گول کاآغا محض دوسرے منٹ میں کیا جب ٹم ہیرزبرگ نے پہلا گول کیا جس کے بعد 14 ویںاور 18 ویں منٹ میں جرمنی کے کرسٹوفر پوہر نے دو گول کرکے برتری دوگنا کردی۔ملائیشیا کے راضی رحیم نے میچ کے 26 ویں منٹ میں برتری کو کم کیا جس کے تھوڑی دیر بعد 28 ویں منٹ میں نبیل نور نے گول کرکے میچ سنسنی خیز بنادیا۔جرمنی کے مارکو نے 39 ویں منٹ میں گول کرکے ملائیشیا پر برتری واضح کردی تو راضی رحیم نے 42 ویں منٹ میں گول کیا لیکن ٹیم کو اب بھی ایک گول کا مارجن تھا۔جرمنی کے ٹم ہرزبرگ نے 59 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی برتری کو مزید 2 گول تک وسیع کردی۔کھیل کے مقرر وقت تک جرمنی نے 5 اور ملائیشیا نے 3 گول کیے۔ گروپ ڈی سے جرمنی نے 9پوائنٹس کے ساتھ براہ راست کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ ہالینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں کراس اوور میچ کھیلیںگی ۔ ملائیشیا کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہونے کی وجہ سے ناک آئوٹ مرحلے سے باہر ہو گئی ہے ۔ کراس اوور کے پہلے دو میچ آج کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کے درمیان جبکہ دوسرا فرانس اور چین کی ٹیموںکے درمیان کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ کرے گی ۔ فرانس اور چین کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرے گی ۔ کل پاکستان کراس اوور میچ میں بیلجیئم کے خلاف کھیلے گا اور فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میںجرمنی کا مقابلہ کرے گی ۔ کل دوسرا کراس اوور میچ کینیڈ ا اور ہالینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا اور فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں بھارت کا مقابلہ کریگی ۔ کوارٹر فائنل مرحلہ 12دسمبر سے شرو ع ہوگا ۔ سیمی فائنل پندرہ دسمبر جبکہ فائنل سولہ دسمبر کو کھیلا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن