• news

100 روز، اللہ، عوام‘ عثمان بزدار اور عمران کے سامنے سرخرو ہوئے: فیاض چوہان

لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے سو روز کے حوالے سے میں سمجھتا ہوں کہ ہم اللہ کے سامنے، عوام کے سامنے ، سردار عثمان بزدار کے سامنے اور ہمارے قائد عمران خان کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں۔ ہمارے تمام وزرا نے پوری تندہی سے عوام کی خدمت کی ہے۔ ہماری حکومت کے پہلے سو دنوں میں پچیس سے اٹھائیس چھٹیاں آئی ہیں مگر میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وزیراعلیٰ سمیت ہمارے وزرا نے ایک بھی چھٹی نہیں کی۔ اس کی وجہ صرف اور صرف وہ اخلاقی، قانونی اور آئینی ذمہ داری تھی جو ہمارے کپتان اور ہمارے وزیراعلیٰ نے ہم پر ڈالی تھی کہ ہم ان کے سامنے سرخرو ہو سکیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہمارے مخالفین کا خیال تھا کہ عمران کو بطور وزیراعظم آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا اور آئی ایم ایف کی الٹی سیدھی فرمائشیں ماننی پڑیں گی مگر عمران نے ملک اور قوم کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔ ان کا یہ کارنامہ بھی دراصل میرے نزدیک ان کا ورلڈ کپ جیت لینے جیسا یا شوکت خانم ہسپتال بنالینے جیسا یا پھر نمل یونیورسٹی بنا لینے جیسا ہے۔ بلاول بھٹو سے متعلق ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول بچہ ہے اور من کا کچا ہے مگر ایک بات ہمیں ذہن میں رکھنی چاہیے کہ اس کے والد آصف زرداری ہیں۔ اگر انہیں نیب نے نوٹس بھیجا ہے تو کوئی وجہ ہی ہو گی۔ ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ منظر عام پر آنے والے بیشتر جعلی بنک اکاﺅنٹس کا تعلق خاص طور پر سندھ کے اندرکہیں نہ کہیں زرداری سے ملتا ہے۔ میں ایسے ہی نہیں کہتا کہ چھیما نائی، مودا قصائی، شیدا حلوائی، پپو نانبائی اورفریال تالپور صاحبہ کے ڈرائیور نما کتنے ہی ایسے کیس ہیں جو زرداری کی طرف ہی اشارہ کرتے ہیں۔ اب جو اتنے طویل عرصے سے ان کی حکومت ہے تو اداروں نے کوئی تحقیقات تو کی ہوں گی جن کی وجہ سے بلاول بھٹو کو بلایا گیا ہے۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے متعلق سوال پر فیاض الحسن چوہان نے کہا دو دن پہلے نواز شریف صاحب نے بیان دیا تھا کہ میرے دور حکومت میں میری مر ضی کے بنا ڈالر اپنی جگہ سے ہلتا نہیں تھا مگر شاید وہ بھول گئے ہیں کہ ان کے وزیر اعظم بننے کے بعد پہلے سو دن میں ڈالر کی قیمت دس روپے بڑھ گئی تھی۔ پنجاب اسمبلی میں کورم پورا نہ ہونے کا ذمہ دار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے حمزہ شہباز کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ میں پچھلے سات دن سے حمزہ شہباز کو کہہ رہا ہوں کہ آجا تینوں اکھیاں اڈیکدیاں۔
فیاض الحسن چوہان

ای پیپر-دی نیشن