میگا منی لانڈرنگ کیس: بنکنگ کورٹ نے آصف زرداری، فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع کردی
کراچی(وقائع نگار) بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ سکینڈل کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع کر دی گئی۔میگا منی لانڈرنگ سکینڈل کیس کی بینکنگ کورٹ میں سماعت ہوئی۔سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور، انور مجید، اے جی مجید، طحہ رضا اور نمرمجید سمیت دیگر ملزمان منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی، عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔کمرہ عدالت میں آصف زرداری سے انور مجید کے بیٹوں نے ملاقات بھی کی جب کہ آصف علی زرداری کی بینکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ یاد رہے ایف آئی اے نے 29 جعلی بینک اکانٹس کا سراغ لگایا تھا جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ اس کیس میں بہت بااثر شخصیات اور بعض بینکوں کے سربراہان کے نام سامنے آئے ہیں، جب کہ چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی سمیت آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید سمیت کئی افراد زیر حراست ہیں۔دریں اثنا ایف آئی اے نے کراچی میں مجید انور کے گھر پر چھاپہ مارا اور انکے ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔
منی لانڈرنگ