• news

ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان ناک آئوٹ مرحلے میں کل بیلجیئم سے ٹکرائے گا

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)ہاکی ورلڈ کپ کے پری کوارٹرفائنل میں قومی ٹیم کل بیلجیئم کے مد مقابل آئے گی۔پاکستان کے لیے ہاکی ورلڈ کپ میں مارو یا مرجاؤجیتو یا گھر جاؤ کی نوبت آگئی ،ہاکی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان اوربیلجیئم کا جوڑ کل پڑے گا۔گروپ مرحلے میں تو قسمت نے پاکستان کا خوب ساتھ نبھایا اور پاکستان کو بغیرمیچ جیتے اگلے مرحلے میں جگہ مل گئی مگر اب ناک آؤٹ راؤنڈ میں کھلاڑیوں کو کچھ کردکھانا ہوگا،کوارٹرفائنل میں جانا ہے تو بیلجیئم کو ہرانا ہوگا۔دریں اثناء بھارت میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں پر وقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔بھوبینیشور کے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان سمیت تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز توقیر ڈار، حسن سردار، اصلاح الدین صدیقی ودیگرز نے شرکت کی، اس موقع پر بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بڑا چیمپئن ہو، پرواہ نہیں، آپ چیمپئنز کے چیمپئن ہیں، آپ سب پلیئرز کی خوش قسمتی ہے کہ آپ حسن سردار اور توقیر ڈار جیسے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ عالمی کپ میں ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، لیکن صرف شرکت کرنا ہی کافی نہیں ہوتا بلکہ اصل منزل ہدف کا حصول ہے، کوچز مجھ سے زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ آپ کے کھیل میں کیا خامیاں اور کیا خوبیاں ہیں تاہم میرے رائے میں آپ سب کو مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے، اب آپ ورلڈ کپ میں جس مقام پر ہیں، وہاں کھونے کی کوئی گنجائش نہیں، پرامید ہوں کہ آپ لوگ پاکستان کا کھویا ہوا وقار واپس دلانے میں کامیاب رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن