پاکستان پریمیئرفٹبال لیگ کراچی الیکٹرک اور کے آر ایل نے میچز جیت لئے
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں کراچی الیکٹرک اور کے آر ایل نے اپنے میچز جیت لیے۔ کراچی الیکٹرک نے نیوی جبکہ کے آر ایل نے بلقچ کلب کیخلاف کامیابی حاصل کی۔ کراچی الیکٹرک نے پاکستان نیوی کو1-4 سے شکست دے دی، کے ایم سی فٹبال سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی الیکٹرک کو برتری حاصل کرنے کا موقع 34 ویں منٹ میں ملا جب مرتضیٰ نے بال کو جال کی راہ دکھا دی، پہلا ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل محمد رسول نے دوسرا گول داغ دیا۔ دوسرے ہاف میں نیوی نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے جوابی حملے کئے، حافظ حسان فیاض نے 68 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے خسارہ کم کیا لیکن کراچی الیکٹرک کی طرف سے ریاض نے پہلے 75 ویں منٹ میں گول کیا، اس کے بعد انجری ٹائم میں بھی حریف کے دفاع میں شگاف ڈال دیا۔ کے پی ٹی فٹ بال سٹیڈیم گراونڈ میں کے آر ایل نے بلوچ کلب کے خلاف 0-2 سے فتح حاصل کی، فاتح سائیڈ کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 19 ویں منٹ میں عمران خان نے کیا، بلوچ کلب کے جوابی حملے بے کار گئے، دوسرے ہاف میں کے آر ایل نے دباؤ بڑھایا جس کے نتیجے میں زید عمر نے 59 ویں منٹ گول داغ دیا۔